مظفرگڑھ 09 فروری(اے پی پی): پولیس ترجمان کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازیخان محمد وقاص نذیر ایک روزہ دورے پر مظفرگڑھ کی تحصیل کوٹ ادو پہنچے ۔ تھانہ صدر کوٹ ادو پہنچنے پر ڈی پی او مظفر گڑھ فراز احمد نے پر تپاک استقبال کیااور پولیس کے چاک وچوبند دستے نے سلامی پیش کی ۔ آر پی او محمد وقاص نذیر نے تھانہ صدر کوٹ ادو کا ملاحظہ کیا ۔ ملاحظہ کے دوران تھانہ کے مینول اور آن لائن ریکارڈ کو چیک کیا ، بلڈنگ ، فرنٹ ڈیسک ،اسلحہ خانہ ، مال خانہ،رہائشی بارکس اور تھانہ کی صفائی ستھرائی کو چیک کیا گیا ۔ تھانہ کی حوالات میں بند ملزمان سے گفتگو کی اور انہیں درپیش مسائل پوچھے ۔ وزٹ کے دوران آر پی او محمد وقاص نذیر نے ہدایات جاری کیں کہ ایف آئی آرکا بروقت اندراج یقینی بنایا جائے اور زیر تفتیش مقدمات میں ملوث ملزمان و اشتہاری مجرمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے مقدمات کو میرٹ پر یکسوکیا جائے ۔تھانہ میں آنے والے سائلین سے شائستہ رویہ اختیار کریں اور ان کےمسائل ترجیح بنیادوں پرحل کیے جائیں ۔ معاشرتی برائیوں کے خاتمہ کے لیے قانون شکن عناصر کے خلاف بھر پور کریک ڈاون کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ کاروائیاں عمل میں لائی جائیں۔ مذہبی منافرت پھیلانے والے عناصر کے خلاف فوری طور پر سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے ۔آر پی او نے تھانہ میں موجود افراد کے مسائل دریافت کرکے مسائل کے حل کے لیے موقع پر احکامات جاری کیے ۔ اس موقع پر تھانہ میں موجود میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے آر پی او محمدوقاص نذیر کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان خان بزدار کے ویژن اور آئی جی پنجاب راو سردار علی خان کی ہدایات کی روشنی میں پولیس جرائم کے خاتمہ اور عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لیے دن رات کوشاں ہے۔ قانون کی بالا دستی اور شر پسند عناصر کی سرکوبی کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں ۔ معاشرے کو پرامن بنانے اور جرائم کے خاتمہ کے لیے پولیس اپنا کردار ادا کررہی ہے معاشرتی برائیوں کے خاتمے کے لیے معاشرے کا ہرطبقہ اور ہر فرد اپنا کردار ادا کرے۔











