اربن یونٹ کے اشتراک سے پنجاب کی انڈسٹری کی میپنگ کرائی جائے گی؛صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال

46

لاہور،14فروری ( اے پی پی ): صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے کہا کہ تحفظ ماحولیات کے حوالے سے اربن یونٹ کے اشتراک سے پنجاب کی انڈسٹری کی میپنگ کرائی جائے گی۔ میپنگ کے عمل میں اینٹوں کے بھٹوں کو بھی شامل کیا جائے گا،تمام صنعتی یونٹس کو ایئر کوالٹی مانیٹر لگانے کا پابند بنایا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہارصوبائی وزیر نے پیر کو یہاں  پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں  محکمہ تحفظ ماحولیات کی کارکردگی،استعداد کار بڑھانے اور آئندہ کے لائحہ عمل سمیت  محکمہ تحفظ ماحولیات کی سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری اور نئی سکیموں پر پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں  پنجاب گرین ڈویلپمنٹ پروگرام پر عمل درآمد کی رفتار تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔صوبائی وزیرمیاں اسلم اقبال نے کہا کہ تحفظ ماحولیات کے حوالے سے بھرپور آگاہی مہم چلائی جائے اور ماحولیاتی آلودگی کو کنٹرول کرنے سے متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں، اس مقصد کے لئے ذمہ دارا داروں کو مراسلے بھجوائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ریت اور مٹی کی ٹرالیوں کوشہر میں ڈھانپ کر داخل ہونے کا پابند بنانے کی پالیسی بنائی جائے آلودگی پیدا کرنے والی گاڑیوں اور انڈسٹریز کی درجہ بندی کرکے لائحہ عمل بنایا جائے۔

سیکرٹری تحفظ ماحولیات سید مبشر حسین نے  بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محکمہ تحفظ ماحولیات میں ون ونڈو سیل پوری طرح اپریشنل ہے ،وزیر اعظم کی ہدایت پر نئی سموگ پالیسی تیار کر لی گئی ہے۔

اجلاس میں صوبائی وزیر تحفظ ماحولیات باؤ رضوان احمد، سربراہ سپیشل مانیٹرنگ یونٹ فضیل آصف اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔