اسلام آباد چیمبر کے صدر کی وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت میں بطور بزنس ایڈوائزرنامزدگی

24

اسلام آباد۔11فروری  (اے پی پی):وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت کشمالہ خان نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے چیمبر کے صدر کو اپنے ادارے میں بطور بزنس ایڈوائز نامزد کرنے کا اعلان کیا تاکہ نجی شعبے کے تعاون سے خواتین کو کام کی جگہوں پر محفوظ اور پرامن ماحول فراہم کرنے کیلئے مزید پیش رفت کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کام کرنے والی خواتین کو بہتر تحفظ فراہم ہونے سے اداروں کی پیداواری صلاحیت میں بہتری آئے گی اور خواتین کی ذاتی زندگی میں خوشحالی آئے گی لہذا انہوں نے اداروں پر زور دیا کہ وہ خواتین کو کام کی جگہوں پر مکمل طور پر محفوظ ماحول کی فراہمی یقینی بنائیں تاکہ قومی پیداوار کو بہتر کرنے کیلئے خواتین کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری اور نجی اداروں کے لیے ہراساں کرنے کے معاملات سے نمٹنے کے لیے 3 رکنی کمیٹی تشکیل دینا لازمی ہے اور خبردار کیا کہ عدم تعمیل کرنے والے اداروں کو جرمانوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔کشمالہ خان نے خواتین پر زور دیا کہ وہ  ہراساں کیے جانے کے خلاف آواز اٹھا ئیں اور فوری انصاف کے حصول کے لیے ان کے ادارے میں آن لائن شکایت درج کرا ئیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے خواتین کے جائیداد کے حقوق کے بہتر تحفظ کے لیے ایک قابل تحسین قانون بنایا ہے اور اگر کسی خاتون کو جائیداد کے حقوق کے حوالے سے کوئی مسئلہ درپیش ہو تو ان کے ادارے سے رجوع کیا جائے  تاکہ ان کو 2 ماہ کے اندر انصاف فراہم کیا جائے۔اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیرنے خواتین کیلئے کام کی جگہوں کو  محفوظ اور سازگار بنانے کے لیے وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت کشمالہ خان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین ہماری کل آبادی کا تقریباً نصف ہیں لیکن ان میں سے تقریبا ً25 فیصد فارمل سیکٹر میں کام کر رہی ہیں جس وجہ سے ہمار ملک ابھی تک اپنی مکمل اقتصادی صلاحیت کے مطابق ترقی کرنے سے قاصر رہا ہے لہذا انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ زیادہ تعداد میں خواتین کو قومی دھارے میں لا نے کیلئے مزید سازگار پالیسیاں تشکیل دینے پر توجہ دی جائے اور ان پالیسیوں پر پوری طرح عمل درآمد کرایا جائے تاکہ خواتین آگے بڑھ کر ملک کی معاشی ترقی میں اپنا فعال کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آئی سی سی آئی نجی شعبے میں خواتین کو محفوظ اور پر امن ماحول فراہم کرنے کیلئے وفاقی محتسب سیکرٹریٹ برائے انسداد ہراسیت کے ساتھ ہرممکن تعاون کرے گا تا کہ خواتین پر اعتماد طور پر کام کر سکیں اور اپنی پیداواری صلاحیت کو بہتر کر کے نجی شعبے کی ترقی میں موثر کردار ادا کر سکیں۔فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین میاں اکرم فرید نے کہا کہ خواتین کو ہنرمند اور تربیت یافتہ بنا کر ان کی صلاحیتوں سے بہتر طور پر فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے اور ان کو بااختیار بنایا جا سکتا ہے لہذا حکومت اس سلسلے میں کوششیں تیز کرے۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر جمشید اختر شیخ، نائب صدر فہیم خان، زبیر احمد ملک، ملک سہیل حسین،خالد چوہدری، شمیم آفتاب صدر ہری پور چیمبر اوردیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور یقین دلایا کہ خواتین کے جائیداد کے حقوق کے بہتر تحفظ اور انہیں کام کی جگہ پر محفوظ ماحول فراہم کرنے کی کوششوں میں نجی شعبہ ہرممکن تعاون کرے گا۔