اوکاڑہ،15فروری (اے پی پی): گورنمنٹ ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ برائے خواتین میں دو رروزہ فنی سیل میلے کا انعقاد کیا گیا جس کاافتتاح مینجر مونٹرینگ پنجاب ٹیوٹا/ڈائریکٹراوکاڑہ ،قصور میجر(ریٹائرڈ) محمد طارق نے ہمراہ سماجی شخصیت /سابق سینئر نائب صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن مس صائمہ رشید ایڈووکیٹ اور پرنسپل ادارہ ہذا میڈم شیزا نے کیا۔ میلہ میں مختلف کورسز مکمل کرنے والی بچیوں کے ہاتھوں سے بنائی گئی مصنوعات کی نمائش بھی ہوئی جس میں مہمان خواتین نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا، نمائش میں رکھے گئے فن پارے اپنی مثال آپ تھے،
اس موقع پر مس صائمہ رشید ایڈووکیٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گورنمنٹ ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ ہماری بچیوں کو ہنر مند بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے فنی سیل میلہ میں بچیوں کے ہاتھ سے بنائی گئی اشیاءکے اعلی معیار دیکھ کر انکی صلاحیتوں پر فخر ہوتا ہے ، ہماری بچیوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں ،مینجر مونٹرینگ پنجاب ٹیوٹا/ڈائریکٹر اوکاڑہ ،قصور میجر (ریٹائرڈ) محمد طارق اور پرنسپل ادارہ ہذا میڈم شیزانہ نے اس موقع پر کہا کہ گورنمنٹ ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ برائے خواتین میں جاری فنی تربیتی کورسز میں اس وقت ہم بچیوں کو 2 سالہ ووکیشنل ڈپلومہ، بیوٹیشن، فیشن ڈیزائننگ، ایڈوانس ڈریس میکنگ اینڈ ڈیزائننگ اور کمپیوٹر آپریٹنگ کے ایک سالہ جبکہ ٹیلرنگ، بیوٹیشن، پروفیشنل کوکنگ اور کمپیوٹر کے تین اور چھ ماہ کے شارٹ کورسز کروا رہے ہیں، ادارہ کورسزمکمل کرنے پر بچیوں کو سرٹیفکیٹس دیے جاتے ہیں۔











