ایبٹ آباد،28فروری(اے پی پی): کمشنر ہزارہ مطاہر زیب نے پلانٹ فار پاکستان، نکھرا ایبٹ آباد شجرکاری مہم کا افتتاح کر دیا۔انہوں نے شہریوں پرزور دیا کہ وہ شجرکاری میں حصہ لیں اور شہر کو صاف اور سرسبز بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
شجر کاری مہم میں طلبہ و طالبات نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور 8000 پودوں کی شجرکاری کا ہدف پورا کیا ، ضلع ایبٹ آباد میں محکمہ جنگلات کی جانب سے 5 ملین پودوں کا حدف ہے جس کے لیے موسم بہار میں مزید پودے لگائے جائیں گے۔
شجرکاری مہم میں ڈی آئی جی ہزارہ میر ویس نیاز، ڈپٹی کمشنرطارق سلام مروت اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ظہور بابر آفریدی نے بھی پودا لگایا۔مہم میں ویمن میڈیکل کالج، فرنٹیئر میڈیکل کالج، پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹ ورک، کامسیٹس، ایلمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن، ٹی ایم اے، لوکل گورنمنٹ، واسا، جی ڈی اے اور دیگر تمام محکمہ جات سے طلبہ و طالبات، افسران اور اہلکاروں نے شرکت کی اورپودے لگائے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شہاب محمد خان، اسسٹنٹ کمشنر محمد حسان احسن، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز بھی موقع پرموجود رہے اور پروگرام کے انعقاد کی نگرانی کی۔











