جلال پور: ریت کی زائد نرخوں پر فروخت کے جرم میں ٹھیکیدار کا کارندہ گرفتار

24

جلال پور پیر والہ،10فرور ی( اےپی پی):پرائس کنٹرول مجسٹریٹ و اسسٹنٹ کمشنر جلال پور طارق محمود دھاریوال نے ریت زائد نرخوں پر فروخت کرنے کے جرم میں ریت و مٹی کے ٹھیکیدار کے کارندے کو گرفتار کروا کر اسے 3 ماہ کے لیے حوالات میں بند کر دیا، پرائس کنٹرول مجسٹریٹ نے  ایک لاکھ جرمانہ بھی عائد کر دیا،  بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر نے مقامی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جلال پور میں محکمہ مائنز اینڈ منرلز نے تعمیراتی کاموں اور دیگر کاروباری مقاصد کے لیے استعمال ہونے والی ریت و مٹی پر ٹیکس کی وصولی کا ٹھیکہ مظفر حسین صدیقی نامی شخص کو دیا ہوا ہے جس نے ٹیکس وصولی کے ساتھ ساتھ سرکاری اراضی کی مٹی و ریت ٹرالیوں پر لوڈ کرنے کے لیے اپنی مشینری لگا لی تھی اور لوڈنگ  کے نام پر ٹریکٹر ٹرالی والوں سے اضافی نرخ وصول کر رہا تھا، ریت ٹرالی زائد نرخوں پر ملنے پرشہریوں کی شکایت سامنے آنے پر آج موقع پر جا کر ٹھیکیدار کے منشی اختر صدیقی کو زائد نرخ وصول کرتے پایا جس پر اس کے خلاف کاروائی عمل میں لائی گئی ہے، اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ ٹھیکیدار یا اس کے کارندے 200 مکعب فٹ ریت والی ٹرالی کے 2400 روپے سے زائد وصول کریں تو شہری فوری طور پر دفتر اسسٹنٹ کمشنر کو یا مجھے براہ راست آگاہ کریں، اوور چارجنگ کے ذمہ داروں سے کوئی رعایت نہیں کی جائے گی   ۔