جنوبی پنجاب میں پائیدار ترقی،غربت کے خاتمہ،شرح خواندگی میں اضافے اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے اہداف کے حصول کے لئے پلان تیار

24

ملتان ،7فروری)اے پی پی ):جنوبی پنجاب میں پائیدار ترقی،غربت کے خاتمہ،شرح خواندگی میں اضافے اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے اہداف کے حصول کے لئے پلان تیار کر لیا ہے اور جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ اور یونائٹڈ نیشن ڈویلپمنٹ فنڈ کے اشتراک سے اہداف مقرر کر لئے گئے ہیں۔جنوبی پنجاب میں اہداف کے حصول کے لئے پنجاب حکومت اور یو این ڈی کے تحت 40 کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے۔اس سلسلے میں محکمہ پی اینڈ ڈی  جنوبی پنجاب اور یو این ڈی پی  نے رپورٹ لانچ کردی ہے۔رپورٹ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر اور یو این ڈی پی پاکستان کے کنٹری ہیڈ مسٹر کنوٹ اوسٹبی  Mr.Knut Ostby نے لانچ کی۔جنوبی پنجاب کے تمام ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریز اور یو این ڈی پی کے نمائندے عمارہ درانی،عمر اخلاق ملک اور ظفر قریشی لانچنگ سیشن میں شریک ہوئے۔سیکرٹری پی اینڈ ڈی شعیب سید نے اس موقع پر بریفنگ دی۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر نے سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ ایس ڈی جیز کی رپورٹ پالیسی ڈاکومنٹ کی حیثیت رکھتی ہے جس پر عملدرآمد سے ہیومن ڈویلپمنٹ کا موقع میسر آئے گا۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے اضلاع کو ترقی کی دوڑ میں آگے لانے کی ضرورت ہے۔کیپٹن ر ثاقب ظفر نے کہا کہ خطے سے غربت کا خاتمہ ایک چیلنج کی حیثیت رکھتا ہے۔مظفر گڑھ اور راجن پور میں غربت کی شرح صوبہ میں سب سے زیادہ ہے۔انہوں توقع ظاہر کی کہ یو این ڈی پی اور جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں کامیاب ہونگے۔ کیپٹن ر ثاقب ظفر نے بتایا کہ حکومت پنجاب آئندہ بجٹ میں جنوبی پنجاب کے لئے بھاری فنڈ مختص کرے گی۔یو این ڈی پی کے پاکستان کے کنٹری ہیڈ مسٹر کنوٹ اوسٹبی نے اس موقع پر کہا کہ غربت کا خاتمہ اور عام آدمی کا عام آدمی کا معیار زندگی بلند کرنا گلوبل ایجنڈا ہے۔انہوں نے کہا کہ یو این ڈی پی نے 2030 تک اہداف حاصل کرنے کا ٹارگٹ مقرر کیاہے۔