ملتان۔13فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی جنرل سیکرٹری اسد عمر نے ڈوگر ہاؤس ملتان میں میڈیا سے با ت چیت کے دوران کہا کہ جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کی باتیں کرنے والے بہت ہیں ، تحریک انصاف نے عملی کام کیا ہے۔
اسد عمر نے مزید کہاکہ عدم اعتماد لانے والے خود پر اعتماد نہیں جتنی تاریخیں انھوں نے دیں اتنی تاریخیں سول کورٹ میں نہیں ملتیں۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن والے متحرک ہیں ان کو معلوم ہے کہ انکی سیاسی زندگی مشکل سے مشکل نظر آ رہی ہے ۔اسد عمر نے کہاکہ شہباز شریف نے زرداری صاحب کے پیٹ سے عوام کی لوٹی دولت کیا نکالنی تھی ان کے اپنے چپڑاسی کے اکائونٹ سے 4 ارب روپے نکلے ۔انہوں نے کہا کہ یہ سیاسی بے روز گار لوگ ہیں ان کی بات کا برا نہیں منایا چاہئے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم گھوٹکی سے شروع کرکے بہاولپور سے ہو کر یہاں آئے ہیں یہاں آنے کا مقصد ہے کہ پارٹی کی تنظیم کو دوبارہ متحرک کرنا ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کے لئے پہلی بار جو بات تحریک انصاف نے کی اس پر کام ہوتا نظر آ رہا ہے۔جنوبی پنجاب کے گراونڈ سے جو آوازیں آ رہی ہیں اس کے مطابق پیکج مکمل کر کے وزیراعظم کو پیش کریں گے۔











