خیرپور:ضلعی انتظامیہ کا 14 فروری سے شجرکاری مہم شروع کرنے کا فیصلہ

33

خیرپور،11فروری(اے پی پی) :ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ خیرپور کی جانب سے 14 فروری سے شجرکاری مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ گرین خیرپور، گرین سندھ اور گرین پاکستان کے عنوان کے تحت مہم کو کامیاب بنایا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی آفس خیرپور کے دربار ہال میں شجرکاری مہم کے سلسلے میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ڈی سی نے کہاکہ ضلع، تحصیل، ٹاؤن، یوسیز اور ان سے منسلک تمام علاقوں میں تمام افسران اور نمائندے شجرکاری کریں گے۔ انہوں نے ڈی او فاریسٹ کو ہدایت کی کہ کم وقت میں جلدی تیار ہونے والے پودوں کی فراہمی کو اولیت دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ میں کام کی رفتار اور کارکردگی کے خواہاں ہیں جس میں کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

ڈپٹی کمشنر نے تمام افسران کو ہدایت دی کہ 14 فروری سے قبل شجرکاری مہم کے لیے تیاریاں مکمل کی جائیں۔

 اجلاس میں ڈی او فاریسٹ نے بتایا کہ ضلع میں 5 نرسریاں کام کررہی ہیں اور ہمارے پاس 90 ہزار سے زائد پودے شجرکاری کے لیے موجود ہیں تمام سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کو شجرکاری کے لیے پودے فراہم کیے جائیں گے۔

 اجلاس میں اے ڈی سی ون ضمری جاگیرانی، اے ڈی سی ٹو محمد اقبال جنڈران، ڈی ایچ او ڈاکٹر تسلیم اختر خمیسانی، ڈی او فاریسٹ سمیت روینیو، بلڈنگ، سئی گیس، تعلیم، پولیس، صحت، لائیو اسٹاک سمیت دیگر تمام سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کے آفیسرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔