راولپنڈی۔8فروری (اے پی پی):پاک فوج اور رائل سعودی لینڈ فورسز کے درمیان موجودہ فوجی تعاون کو بڑھانے اور مزید مضبوط بنانے کے لئے رائل سعودی لینڈ فورسز کا ایک دستہ مشترکہ ٹریننگ میں حصہ لینے کے لئے ملتان گیریژن پہنچ گیا۔ یہ ٹریننگ دو ماہ تک جاری رہے گی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملتان گیریژن میں پاک سعودی مشترکہ ٹریننگ کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ جنرل آفیسر کمانڈنگ میجر جنرل ظفر اقبال مروت اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ دونوں ممالک کے فوجی دستے افتتاحی تقریب میں شریک ہوئے۔ مشترکہ ٹریننگ کے دوران ایک جامع تربیتی پروگرام کے تحت ڈرلز اور طریقہ کار کی مشق کی جائے گی اور ان کو بہتر بنانے کے لئے حکمت عملی کی مشقیں کی جائیں گی۔











