مری،07 فروری(اےپی پی):ملکہ کوہسار مری میں رات شروع برفباری سے سیاح لطف اندوز ہوتے رہے اورصبح سورج کی کرنوں سے مری کے موسم میں نکھار دیکھائی دیا،برفباری کا سلسلہ اب تھم چکا ہے۔
انچارج ریسکیو 1122مری کے مطابق سنو فال ایمرجنسی کور پلان کے مطابق ریسکیو1122 مری کے اہلکار شہریوں کو ہر ممکن مدد فراہم کریں گے،سنو فال نائٹ آپریشن پر ڈیوٹی سر انجام دینے والے ریسکیو اہلکار اپنے فرائض احسن طریقے سے سرانجام دے رہے ہیں۔
ڈی ایس پی ٹریفک مری ملک عظمت نے سٹی ٹریفک پولیس مری راولپنڈی کی طرف سے جاری ایڈوائزر ی میں کہا ہے کہ مری میں دوران برفباری ڈرائیو نگ کرتے ہوئے رفتار انتہائی کم رکھیں جلد بازی سے گریز کریں، روڈ سلیپری ہے سیاح حضرات ٹائر چین ، مکمل حفاظتی ٹول کٹ اور اضافی گرم کپڑے ساتھ لائیں۔ سیاحوں کی حفاظت کے پیش نظر کلڈنہ سے گلیات کی طرف داخلہ پر عارضی پابندی عائد کر دی گئی ۔
ملک عظمت نے کہا کہ ٹریفک پولیس کے جوان دیگر محکموں کے ساتھ ملکر روڈ کلیر کروانے اور سیاحوں کی مدد میں 24 گھنٹے مصروف عمل ہیں،مری میں اب تک مجموعی طور پرسیاحوں کی 1066 کے قریب گاڑیاں موجود ہیں۔
ڈی ایس پی ٹریفک مری نے کہا کہ مری آنے والے سیاح ریڈیو اسٹیشن 88.6اور راولپنڈی پولیس کے آفیشلز سوشلز میڈیا کے ذریعے موسم کی شدت اور رش کے متعلق بروقت آگاہی حاصل کر سکتے ہیں۔











