وادی کیلاش سے تعلق رکھنے والے چترال سکاؤٹس کے اہلکار کی صوبیدار کے رینک پر ترقی، لوگوں نے بھنگڑا ڈال کر جشن منایا

34

چترال،07 فروری(اے پی پی):وادی کیلاش ویلی ممورت (بمبورت) کے قابل فخر فرزند گل رحمت کوچترال  سکاوٹس میں  صوبیدار کے عہدے پر ترقی دیدی گئی ہے۔چترال سکاؤٹس آفیسر مس بمبورت میں صوبیدار  گل رحمت  کی ترقی کے اعزاز میں مختصر  پروقار تقریب کا انعقاد کیاگیا۔اس تقریب میں کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس جناب سمیع صاحب کے علاوہ دوسرے آفیسرز سمیت علاقے کے معززین مسلم اور کیلاش مردو خواتین شریک ہوئے ۔کمانڈنٹ صاحب نے صوبیدار رینک پر ترقی کا بیج لگایا۔

نوجوان صوبیدار گل رحمت بنیادی طور پر کیلاش قبیلے سے تعلق رکھتا ہے ۔لیکن  ان کا خاندان مسلمان ہو چکا ہے ۔صوبیدار سمیت انکے خاندان کے لیے یہ اعزاز ہے کہ وہ پہلا شخص ہے  جس کی ترقی صوبیدار رینک پر ہوئی ہے ۔ترقی کے بعد جب باہر آیا تو وہاں پہلے سے موجود سیکڑوں تعداد میں موجود مردو خواتین  نے شاندار طریقے سے اس کا استقبال کیا۔ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے ہوئے ریلی کی صورت میں انکو آبائی گاؤں کراکال لے جایا گیا،جہاں جشن کا سماں تھا ،ایسا نہیں لگ رہاتھا کہ یہ کسی کی پروموشن کی تقریب ہے بلکہ ایسا لگ رہا تھا کہ یہاں کوئی تہوار ہے یا کسی کی شادی کی تقریب ہے۔یہ سب اس کی خلوص اور محبت کا نتیجہ ہے کہ سینکڑوں کی تعداد  میں لوگوں نے شاندار طریقے سے اس کو مبارکباد دی اور عزت افزائی کی۔