سکھر،03فروری(اے پی پی):اینٹی نارکوٹکس فورس انٹلیجنس نے اینٹی نارکوٹکس فورس سندھ کے ساتھ مشترکہ کارروائی کر کے بھاری مقدارمیں منشیات برآمد کرلی ہے۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق اے این ایف نے شکارپور روڈ سکھر پر واقع ڈریھا بس سٹاپ کے قریب ٹرک سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلی۔ترجمان کے مطابق 266کلوگرام سے زائد چرس اور 2.4 کلوگرام آئس ٹرک میں بنائے گئے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی تھی،ٹرک سے مجموعی طور پر 268.800 کلوگرام منشیات برآمد ہوئی۔
دورانِ کارروائی جیکب آباد کے رہائشی دلدار علی اور امداد علی نامی دو ملزمان کوگرفتارکرلیاگیاہے۔ملزمان منشیات کوئٹہ سے سکھر اسمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔دونوں ملزمان کے خلاف پولیس اسٹیشن اے این ایف سکھر میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔











