شہباز شریف اور حمزہ شہباز کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے  چپڑاسیوں کو بھی ارب پتی کر دیاہے : وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل کی میڈیا سے گفتگو

12

لاہور 16 فروری ( اے پی پی ) وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو  کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے  چپڑاسیوں کو بھی ارب پتی کر دیاہے۔

شہباز گل کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم ایک روزہ دورہ پر لاہور آئے ہیں، جہاں وہ مختلف ارکان اسمبلی سے ملاقات کریں گے، وزیر اعلیٰ پنجاب کی وزیراعظم سے ملاقات ہو چکی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن ایکٹو ہو گئے اور مریم نواز خاموش ہو گئی ہیں، ہم بتا چکے تھے مریم نواز اور ان کے چچا کے تعلقات میں کوئی کشیدگی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف صاحب فُٹ ورک کر کے اپنے لئے جگہ بنا رہے ہیں، چچا اور کزن پر فرد جرم ہونے جا رہی ہے، شہباز شریف صاحب اور حمزہ شہباز صاحب کا شکریہ جنہوں نے چپڑاسیوں کو بھی کروڑ پتی کر دیا ہے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ آنیوالے دنوں میں ریکوریوں کی خوشخبریاں دیں گے، جیسے جیسے چوروں سے پیسہ ریکور کریں گے عوام کیلئے سہولتیں پیدا ہوں گی، نیب کا ادارہ ساڑھے 5 سو ارب ریکور کرچکا ہے، اسی میں سے 4 سو ارب کا ہیلتھ کارڈ عوام کو دیا ہے۔