ضلع اپر چترال میں سرمائی کھیلوں کا دو روزہ ٹورنامنٹ اختتام پذیر

27

چترال، 09 فروری(اے پی پی):ضلع اپر چترال میں واقع قاقلشٹ کے وسیع و عریض برف پوش میدان میں  ونٹر سپورٹس یعنی  سرمائی کھیلوں  کا دو روزہ ٹورنامنٹ اختتام پذیر  ہوا۔ اختتامی تقریبات کے موقع پر کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام مہمان خصوصی تھے جنہوں نے  کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ تماشائیوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے  انہوں نے کہا کہ  چترال ایک پر امن اور مہمان نواز لوگوں کا خطہ ہے اور یہاں آنے والا  ہر سیاح خود کو اپنے گھر میں محسوس کرتا ہے۔ انہوں نے عوام کو خوشخبری سنائی کہ چترال کی تعمیر و ترقی پر اربوں  خرچ ہورہے ہیں اور آنے والے دنوں میں چترال کا قسمت بدل جائے گا۔

ضلع اپر چترال کے ڈپٹی کمشنر  منظور احمد آفریدی نے ہمارے نمائندے کو بتایا کہ اس دفعہ چونکہ برف پگھلنے کا خدشہ تھا اسلئے ہم نے یہ ونٹر سپورٹس ٹورنامنٹ بہت کم وقت میں شروع کروایا اور اگلے سال اسے پورے زور و شور سے منائیں گے جس سے اس دور افتادہ ضلع میں سرمائی سیاحت کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ابھی مقامی کھلاڑیوں کو بھی سنو سکینگ اور سنو بورڈنگ میں تربیت دے رہے ہیں تاکہ اگلی بار یہاں کے اپنے لوگ ان کھیلوں میں حصہ لے سکیں۔چونکہ اس بار ہمارے پاس مقامی کھلاڑی نہیں تھے اسلئے برفانی کھیلوں کیلئے مڈگلشٹ سے کھلاڑیوں کو بلانا پڑا۔

برف کے کھیلوں کو دیکھنے کیلئے لاہور سے آنے والی ایک بچی کا کہنا ہے کہ مجھے یہاں آکر بہت مزہ آیا ۔

کسی بھی قسم کے ناخوشگوار  واقعے  سے نمٹنے  کیلئے  اور حادثے  کی صورت میں ابتدائی طبی امداد  اور ریسکیو کرنے کیلئے  1122 کا عملہ  بھی ہر وقت تیار تھا۔  سرمائی کھیلوں  میں سنو  سکینگ کے ساتھ ساتھ  پیرا گلایڈنگ، جیپ ریلی  اور سنو بورڈنگ کے بھی مقابلے ہوئے۔موسم سرما میں لوگوں کا خون گرمانے  اورا ن  کی بوریت ختم  کرنے کے ساتھ ساتھ  یہ کھیل سیاحت  کو بھی فروغ دینے  کا بھی ذریعہ ہے۔ سرمائی کھیلوں کے اس ٹورنامنٹ کے دوران  ثقافتی شو بھی جاری تھا جس میں سب سے دلچسپ پہلو وہ تھا جب ایک فن کار  نےصدیوں پرانی تلوار اور بندوق لیکر اس کے ساتھ روایتی رقص پیش کیا۔

اختتامی تقریب میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ اس دوران پولیس کی بھاری نفری سیکیورٹی کے پیش نظر ہر وقت تیار کھڑی  تھے۔ ٹورنامنٹ کے اختتام پر تماشائی اس کی خوشگوار یادیں لیکر چلے گئے۔