عالمی منڈی میں پڑھے لکھے لوگوں کی مانگ کے سبب پاکستان کو آن لائن تعلیم کو تیز کرنا ہو گا ؛ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

17

اسلام آباد،28فروری  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علو ی نے کہا ہے کہ طالبعلم کمیونیکیشن سکلز کو اسلامی تعلیمات کے تناظر میں سمجھیں اور اپنائیں، دنیا کی توقعات پاکستان سے ہیں کیونکہ یہاں نوجوان کثیر تعداد میں ہیں، عالمی منڈی میں پڑھے لکھے لوگوں کی مانگ کے سبب پاکستان کو آن لائن تعلیم کو تیز کرنا ہو گا، پاکستان کے تعلقات دنیا کے ساتھ بہتر ہو رہے ہیں اور تعلیم یافتہ انسانی وسائل کم نظر آ رہے ہیں۔

 ان خیالات کااظہار انہوں نے پیر کو سرحد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی پشاور کے14 ویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ 2030 تک انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں 8 کروڑ گریجوایٹس کی ضرورت ہو گی۔ پاکستان کے لئے سب کو تعلیم کی فراہمی ، ترقی کے لئے کلیدی اہمیت رکھتی ہے ۔آن لائن تعلیم اس مقصد کو تیزی سے حاصل کرنے کا واحد ذریعہ ہے۔ انہوں نے مصنوعی  ذہانت  اور کمپیوٹنگ کے صدارتی اقدام کو اہم قدم قرار دیا جو کہ ٹیکنالوجی کو اپنا کر  ملک میں تعلیم، تحقیق اور کاروباری نظام کے لئے انقلابی  ثابت ہو سکتا ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علو ی نے کہا کہ پاکستان میں نوجوانوں کی بڑی تعداد ہے جو ملک کے لئے ترقی  کا بڑا ذریعہ  ثابت ہو سکتے ہیں۔ گریجوایٹس کو معیار تعلیم اور جدید مہارتوں کی تعلیم حاصل کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا انسانی وسائل کے تناظر میں پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے عالمی مارکیٹ میں بڑھتی ہوئی ضروریات کے تناظر میں ان مواقع سے فائدہ اٹھانے پر زور دیا۔ وزیراعظم عمران خان کے حالیہ دورہ چین کو ترقی کے تناظر میں اہم قرار دیا۔

 ڈاکٹر عارف علو ی نے کہا کہ زراعت ، فارما سیوٹیکل ، آٹوموٹو ، ٹیکسٹائل  اور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں پاکستانی طالب علموں اور پروفیشنلز کے لئے وسیع مواقع موجود ہیں۔ پاکستان مستحکم ملک کے طورپر ابھر رہا ہے جس کے مختلف شعبوں میں وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ملک میں مایوسی کے بیانا ت پر توجہ نہ دیں۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں پوزیشن حاصل کرنے والےگریجوایٹس کو مبارکباد دی اور ان پرزور دیا کہ وہ اخلاقیات ، اسلامی روایات اور قومی شناخت کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے سخت محنت کریں۔