مؤثر اور فعال بلدیاتی نظام ملکی ترقی کا ضامن ہوتا ہے، وزیراعظم

20

اسلام آباد، 03 فروری(اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مؤثر اور فعال بلدیاتی نظام ملکی ترقی کا ضامن ہوتا ہے، فعال بلدیاتی نظام کے ذریعے عوام کے بیشتر مسائل ان کی دہلیز پر حل کئے جا سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے  جمعرات کو یہاں پنجاب میں آئندہ ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بلدیاتی نظام کا مقصد اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اس نظام کی کامیابی کے لئے ضروری ہے کہ معاشرے کے تمام طبقات خصوصاً خواتین، نوجوانوں، کسانوں اور تاجروں کو یکساں نمائندگی دی جائے۔

اجلاس میں وفاقی وزراء، مخدوم شاہ محمود قریشی، شفقت محمود، خسرو بختیار، اسد عمر، فواد چوہدری، حماد اظہر اور معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے شرکت  کی جبکہ  وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور صوبائی وزراء،  مخدوم ہاشم جوان خان، محمد بشارت راجہ اور میاں محمود الرشید وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔