خیرپور،03فروری (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ضلع کے مختلف اسپتالوں اور صحت مراکز میں ایمبولینس اور ڈاکٹرز کی تعداد میں اضافے اور ہیلتھ سروسز کی فراہمی کو سو فیصد کرنے کا فیصلہ، نئے مقرر ہونے والے ڈپٹی کمشنر سیف اللہ ابڑو نے محکمہ صحت، بنیادی صحت مراکز، پی پی ایچ آئی، ڈائریکٹر گمس اسپتال، ڈی ایچ او سمیت دیگر متعلقہ افسران کو ڈی سی آفس خیرپور طلب کرلیا، اس سلسلے میں ڈی سی آفس کے دربار ہال میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دور دراز اور دیہی علاقے کے رہائشیوں کو صحت کی تمام تر سہولیات فراہم کرنے کے لیے متعلقہ افسران ذمہ داری کے ساتھ کارکردگی کا مظاہرہ کریں اور سو فیصد علاج معالجے کےنتائج حاصل کیے جائیں اور میڈیکل کالج ٹیچنگ اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں بستروں میں اضافے کے لیے جائزہ لے کر منصوبہ بندی کی جائے۔
اجلاس میں ڈائریکٹر پیر عبدالقادر شاہ جیلانی انسٹیٹیویٹ آف میڈیکل سائنسز ڈاکٹر رحیم بخش بھٹی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر تسلیم اختر خمیسانی، کے ایم سی اسپتال کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر رخسار شاہانی، ٹی ایچ اوز، پی پی ایچ آئی سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر سیف اللہ ابڑو نے محکمہ صحت اور ان سے وابستہ تمام این جی اوزاور افسران کو ہدایت کی کہ ضلع میں غریب اور بے سہارا افراد سمیت تمام مریضوں کو صحت اور علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے میں ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جائے ۔انہوں نے صحت مراکز میں ڈاکٹرزکی مقرری کے لیے مضبوط منصوبہ کی ضرورت پر زور دیا تاکہ علاقے کے بیمار افراد کو زیادہ سے زیادہ سہولیات میسر آسکیں اور سندھ حکومت کی جانب سے فراہم کردہ فنڈز سے عوام مستفید ہوسکیں۔











