مظفرگڑھ؛ڈی پی اوفراز احمد کیجانب سے کھلی کچہری کا انعقاد،تمام سائلین کے فرداً فرداً مسائل سنے

21

مظفرگڑھ،03فروری (اے پی پی ): ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فراز احمد نے دفتر پولیس میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں ضلع کے دور دراز سے آئے سائلین نے شرکت کی۔انہوں نے تمام سائلین کے فرداً فرداً مسائل سنے اور ان مسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔

 اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فراز احمد کا کہنا تھا کہ تمام تر سائلین میرے لئے قابل احترام ہیں اور ان کے مسائل کا حل کرنا میرا اولین مقصد ہے۔لوگوں کو سول اور وراثت سے متعلق معاملات کے  لیے متعلقہ فورم سے رجوع کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو لین دین کرتے وقت تحریری معاہدہ کرنا چاہیے تاکہ بعد کے معاملات میں پریشانی نہ ہو، اگر ملزمان عدالت سے عبوری ضمانت پر ہیں تو عدالت کے فیصلے تک انتظار کرنا چاہیے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فراز احمد نے کہا کہ پولیس کو ناجائز پریشرائز نہیں کرنا چاہیے، گھر کی معمولی لڑائیوں کو لوگ پولیس تک لے جاتے ہیں جبکہ ان کا بہترین حل گھر میں ہی موجود ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز تک جا کر حل کرنا میری اولین ترجیح ہے، مظفرگڑھ پولیس لوگوں کی جان مال اور عزت و آبرو کی حفاظت کے لیے رات دن کوشاں ہے۔