ملتان، 19 فروری (اے پی پی ): وزیر مملکت ملک محمد عامر ڈوگر نے کہا ہے کہ بین المذاہب ہم آہنگی اور معاشرے میں برداشت کے کلچر کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے،پاکستان نہ صرف پرامن ملک ہے بلکہ امن کے قیام کے لیے پاکستان کی قربانیاں لازوال ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے شعور ترقیاتی تنظیم سول سوسائٹی فورم ملتان کے زیر اہتمام ضلعی انتظامیہ ملتان،محکمہ سوشل ویلفیئر اور گورنمنٹ مسلم ہائی سکول کے اشتراک سے پیغام پاکستان کانفرنس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ملک محمد عامر ڈوگر نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک پاکستان کو حقیقی معنوں میں قائد اعظم کا پاکستان بنانے کے لیے مختلف اقدامات اٹھارہی ہے اور وزیراعظم عمران خان پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز پر ایک فلاحی ریاست بنانے کے لیے کوشاں ہیں جس میں تمام شہریوں اورتمام عقائد کو یکساں حقوق حاصل ہونگے۔
ملک عامر ڈوگر نے کہا ہے کہ ہمارے بزرگوں نے قائد اعظم کی ولولہ انگیز قیادت میں بے پناہ قربانیوں کے بعد یہ ملک حاصل کیا اورآج انہی کے فرمودات کے مطابق پاکستان میں اتحاد بین المذاہب اور برداشت کی بنیاد پر اپنے معاشرے کو آگے بڑھاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ آج کل فکر انگیز لمحات میں دین سے دوری اور عدم برداشت کے باعث ملک میں سانحہ ساہیوال اور سانحہ میاں چنوں جیسے دلخراش واقعات رونما ہورہے ہیں جو کہ افسوسناک ہیں پیغام پاکستان کا مقصد معاشرے میں امن اور برداشت پیدا کرنا اورتمام مذاہب کے لوگوں کے حقوق کا خیال رکھنا ہے۔
وزیر مملکت ملک محمد عامر ڈوگر نے کہا کہ پاکستان وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ترقی کی راہ پر گامزن ہے اس وقت ملک کو بے پناہ چیلنجز کا سامنا ہے حکومت جلد ان تمام چیلنجز پر قابو پالے گی۔انہوں نے کہا ہے کہ نوجوانوں اور بچوں کو چاہیے کہ وہ اپنے والدین اور اپنے ہمسایوں کو معاشرتی برداشت اور امن کے بارے میں بتائیں محبت اور پیارسے ایک دوسرے کے ساتھ پیش آئیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ ایسی تقریبات کا انعقاد خوش آئند ہے اور حکومت پنجاب کا یہ اچھا اقدام ہے کہ سماجی تنظیموں اور تعلیمی اداروں کے ذریعے پیغام پاکستان کے حوالے سے ذہن سازی کی جارہی ہے تاکہ معاشرے میں برداشت پر مشتمل ماحول پروان چڑھ سکیں۔
تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر رانا اخلاق احمد،سابق ایم ایل اے ہرپال سنگھ،چیئرمین دارالامان ومیزبان تقریب شاہد محمود انصاری، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمد احمد چشتی، پرنسپل ادارہ ہذا رانا اسلم انجم، فوکل پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو آصفہ سلیم ملک، چیف کوآرڈینیٹر سی ایس ایف گلناز کاشف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان امن کا داعی ملک ہے افواج پاکستان سمیت ملک کے ہر فرد نے امن کے پیام کے لیے قربانیاں دیں ہیں ہم شہداء وطن کو خراج عقیدت ہیں۔اس موقع پر طلبا و طالبات نے پاکستانی کلچر اور امن وامان کے حوالے سے خصوصی ٹیبلوز پیش کیے۔
سورس: وی این ایس، ملتان











