ملتان: سرکاری ریٹس پر عملدرآمد کرانے کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس مکمل فعال

23

ملتان ،20 فروری (اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر  ملتان عامر کریم خاں نے کہا ہے کہ عوام کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے کیلئے ضلعی انتظامیہ اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں استحکام لانے کیلئے سرگرم ہوچکی ہے،  سرکاری ریٹس پر عملدرآمد کرانے کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو بھی مکمل فعال کردیا گیا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو    اچانک سبزی منڈی کا دورہ کرتے ہوئے کیا، جہاں ڈپٹی کمشنر نے پھلوں اور سبزیوں کی نیلامی اور سپلائی کا معائنہ کیا۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے ہول سیل پوائنٹس اور بڑے سٹورز میں ڈی سی کاؤنٹرز کی بھی انسپکشن کی۔

ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر سرکاری نرخوں پر ہر صورت عملدرآمد کرایا جائے گا جبکہ منڈیوں میں انسپکشن کا مقصد مارکیٹ میں سستی سپلائی یقینی بنانا ہے۔عامر کریم خاں نے کہا کہ منڈیوں سے عام مارکیٹ تک سپلائی کی بھرپور سیکرننگ کی جارہی ہے تاکہ مڈل مین کا کردار ختم کیا جاسکے۔

قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے احساس دستر خوان کا بھی دورہ کیا جہاں عامر کریم خاں نے شہریوں کے ہمراہ کھانا کھایا اور انکے مسائل دریافت کئے۔انہوں نے کہا کہ احساس دستر خوان کا دائرہ وسیع کیا جارہا ہے کیونکہ احساس دستر خوان کی صوبے بھر میں پذیرائی سے حوصلہ ملا ہے۔

اس موقع پر سیکرٹری آر ٹی اے رانا محسن بھی انکے ہمراہ تھے۔

سورس : وی این ایس، ملتان