نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کی ایپ پر تمام پینل ہسپتالوں میں موجود علاج کی  تفصیلات موجود ہیں ؛ڈاکٹر یاسمین راشد

126

لاہور،20 فروری (اے پی پی): وزیرِصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ بے مقصد تنقید کا کوئی فائدہ نہیں،  لوگوں کا کہنا ہے کہ ہیلتھ کارڈ کا انہیں بہت فائدہ ہوا ہے، پنجاب کی 73 فیصد آبادی کو ہیلتھ کارڈ مل چکا ہے جبکہ  7 لاکھ 63 ہزار افراد اب تک اس کارڈ سے فائدہ اٹھا چکے ہیں، نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کی ایپ پر تمام پینل ہسپتالوں میں موجود علاج کی  تفصیلات موجود ہیں۔

ان خیالات کا  اظہار انہوں نے  اتوار کو یہاں  پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ وزیرِصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے  کہا کہ اس وقت پنجاب کی 73 فیصد آبادی ہیلتھ کارڈ سے مستفید ہو چکی ہے، اپوزیشن جتنی تنقید کر سکتی ہے کرے کیونکہ بے مقصد تنقید کا کوئی فائدہ نہیں لوگوں کا کہنا ہے کہ انھیں ہیلتھ کارڈ سے بہت فائدہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں مریضوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

وزیرِصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ نامزد ہسپتالوں میں فراہم کی جانے والی مخصوص صحت کی سہولیات نیا پاکستان قومی صحت کارڈ ایپ پر پہلے سے موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام نجی ہسپتالوں کو صحت کارڈ پر شامل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

ڈاکٹر یاسمین راشد  نے کہا کہ  ہیلتھ کارڈ نیا پروگرام ہے، ہر نئے پروگرام کی ابتداء میں کچھ نہ کچھ مسائل ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کہ نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کے تحت اب تک پنجاب سے سات لاکھ 63 ہزار لوگ علاج کرواچکے ہیں۔