وزارت انسانی حقوق اور اسلامک ریلیف پاکستان کے مابین بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے معاہدے پر دستخط

21

اسلام آباد،24فروری  (اے پی پی):وزارت انسانی حقوق نے جمعرات کو یہاں اسلامک ریلیف پاکستان کے ساتھ معاہدے پر دستخط کئے۔ بچوں اور خواتین کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لئے دونو ں فریقین کے درمیان تعاون کو مزید بڑھانے کے لئے اس ایل- او-اے پر دستخط کئے گئے ہیں۔ معاہدے پر دستخط کی تقریب  ہمک ٹاؤن، اسلام آباد میں وزارت کے چائلڈ پروٹیکشن انسٹی ٹیوٹ میں منعقد ہوئی۔سیکرٹری وزارت انسانی حقوق اور کنٹری ڈائریکٹر، اسلامک ریلیف پاکستان  نے دستاویزات پر دستخط اور باہمی تبادلہ کیا۔ اسلامی ریلیف پاکستان بچوں کے ساتھ زیادتی، غفلت اور استحصال سے تحفظ کے لئے اقدامات کر تا ہے۔ وزارت انسانی حقوق کے ساتھ ایل او اے پر دستخط سے سرٹیفیکیشن کے عمل اور دیگر تشہیری سرگرمیوں کی تکمیل کے لئے چائلڈ پروٹیکشن انسٹی ٹیوٹ کو سہولت ملے گی۔ بچوں کی دیکھ بھال کے اداروں کی نقشہ سازی اور دیگر ریسورس سینٹرز کے مزید قیام کے لئے وزارت کو آئی آر پی کی جانب سے تکنیکی معاونت فراہم کی جائے گی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے  وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق  ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ اس معاہدے کے لئے آئی آر پی کے شکر گزار ہیں، سماجی بہبود کے لئے ان کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزارت انسانی حقوق  آئی آر پی اور اس طرح کی دیگر تنظیموں کے ساتھ اپنے تعاون کو جاری رکھے گی جو بچوں، خواتین اور معاشرے کے کمزور طبقات کے حقوق کے تحفظ کے لئے پر عزم ہیں۔ انہوں نے   کہا کہ وزارت سی پی آئی کے ماڈل پراسلام آباد میں ایسےدیگر ادارے بھی قائم کرے گی، خاص طور پر  بچیوں کے لئے مخصوص مرکز کا اس سال کے آخر تک آغاز کر دیا جائے گا۔

 وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق  ڈاکٹر شیریں مزاری نے مزید بتایا کہ پولیس نے  اب تک بہت سے بچوں کو سی پی آئی کے حوالے کیا ہے جن کا تعلق ملک کے چاروں صوبوں اور دیگر خطوں سے ہے۔ یہ سینٹر ان بچوں کو پناہ کے ساتھ ساتھ صحت، تعلیم، ری یونی فیکیشن، ریفرل سروسز اور نفسیاتی علاج کی سہولیات بھی فراہم کر رہا ہے۔انہوں  نے چائلڈ پروٹیکشن انسٹی ٹیوٹ کے کھیل کے میدان کا بھی افتتاح کیا جس کی تزئین و آرائش حال ہی میں آئی آر پی کے تعاون سے کی گئی ہے۔