وزیراعظم جلد جنوبی پنجاب کادورہ کرکے ترقیاتی پیکج کااعلان کریں گے۔ اسد عمر

29

ملتان۔13فروری  (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی جنرل سیکرٹری اسد عمر نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خا ن کو احساس ہے کہ جنوبی پنجاب کو اس کاحق نہیں ملا۔وزیراعظم کی خصوصی ہدایات پر جنوبی پنجاب ترقیاتی پیکج پر کام کررہے ہیں ۔وزیراعظم جلد جنوبی پنجاب کا دورہ کرکے ترقیاتی پیکج کا اعلان کریں گے۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے ڈوگر ہاؤس ملتان میں میڈیا سے با ت چیت کے دوران کیا۔ اسد عمر نے مزید کہاکہ عدم اعتماد لانے والے خود پر اعتماد نہیں جتنی تاریخیں انھوں نے دیں اتنی تاریخیں سول کورٹ میں نہیں ملتیں۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن والے متحرک ہیں ان کو معلوم ہے کہ انکی سیاسی زندگی مشکل سے مشکل نظر آ رہی ہے ۔اسد عمر نے کہاکہ شہباز شریف نے زرداری صاحب کے پیٹ سے عوام کی لوٹی دولت کیا نکالنی تھی ان کے اپنے چپڑاسی کے اکائونٹ سے 4 ارب روپے نکلے ۔انہوں نے کہا کہ یہ سیاسی بے روز گار لوگ ہیں ان کی بات کا برا نہیں منایا چاہئے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم گھوٹکی سے شروع کرکے بہاولپور سے ہو کر یہاں آئے ہیں یہاں آنے کا مقصد ہے کہ پارٹی کی تنظیم کو دوبارہ متحرک کرنا ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کے  لئے  پہلی بار جو بات تحریک انصاف نے کی اس پر کام ہوتا نظر آ رہا ہے۔جنوبی پنجاب کے گراونڈ سے جو آوازیں آ رہی ہیں اس کے مطابق پیکج مکمل کر کے وزیراعظم کو پیش کریں گے۔انہوں نے کہاکہ لوگوں کو چھوٹے چھوٹے کام کروانے لاہور جانا پڑتا تھا آج ان کے کام بہاولپور اور ملتان میں ہو رہے ہیں۔اسد عمر نے کہاکہ اس ملک کا ہر شہری چاہتا ہے کہ ملک میں انصاف ہو اور جن لوگوں نے چوری کی ہے ان کو کٹہرے میں لانا چاہیئے۔بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مولانا اپنے گھر کی دونوں سیٹیں ہم سے ہار کر بیٹھے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں تحریک انصاف نے اکیلے خیبر پختونخواہ میں جتنی تحصیلیں جیتی ہیں وہ ان تینوں پارٹیوں کی جیتی تحصیلوں سے زیادہ ہیں۔ڈیرہ اسماعیل خان میں بلدیاتی انتخابات ہونے والے ہیں، پہلے وہاں کارکردگی دکھائیں۔خارجہ پالیسی کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہاکہکسی بھی پاکستانی سے پوچھ لیں کہ ہماری بڑی کامیابی فارن پالیسی میں رہی ہے۔پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ڈومور کی گردان کو توڑا اور جو لوگ ہمیں امریکہ سے ڈراتے تھے وہ آج تعریف کرتے ہیں۔ پاکستان کی فارن پالیسی ہماری بہت بڑی اچیومنٹ رہی ہے اور ہمیں فخر ہے کہ شاہ صاحب ہمارے وزیر خارجہ ہیں۔اس موقع پر وفاقی وزیرمملکت برائے سیاسی امور اورچیف وہپ ملک عامرڈوگربھی ان کے ہمراہ تھے۔