وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے پودا لگا کر پلانٹ فار پاکستان، موسم بہار مہم کا افتتاح کردیا

3

کوئٹہ، 22 فروری (اے پی پی): وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے وزیراعلی سیکرٹریٹ میں پودا لگا کر  پلانٹ فار پاکستان موسم بہار مہم 2022 کا افتتاح کردیا۔تقریب میں صوبائی وزیر مبین خان خلجی پارلیمانی سیکرٹری خلیل جارج اور سیکرٹری جنگلات سمیت بواۓ سکاوٹ سکاوٹس نے شرکت کی۔

اس موقع پر وزیر اعلی کو حکام کی جانب سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ مہم کے تحت ایک کروڑ درخت لگائے جائیں گے جبکہ موسم بہار میں بلوچستان بھر میں  5  لاکھ سے زائد  درخت لگائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 54 ہزار پودے بوائے سکاوٹ کے اسکاوٹس لگائیں گے اور ساحلی علاقوں میں مینگروز کے پودے لگائے جائیں گے۔

اس موقع پر وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ صوبہ میں غیرقانونی جنگلات کی کٹائی کا ہر صورت ختم کیا جائے جبکہ مہم کے تحت لگنے والے پودوں کی بہتر رکھوالی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ زیارت کے جونیپر جنگلات ہمارا قیمتی اثاثہ ہے، زیارت کے جنگلات کی حفاظت اور جنگلات کی کٹائی کے خاتمے کو یقینی بنایا جائے۔

 وزیراعلیٰ بلوچستان  کو سیکرٹری جنگلات نے محکمہ کی جانب سے شیلڈ بھی پیش کیا۔