ٹوبہ ٹیک سنگھ؛ صوبائی وزیر وومن ڈویلپمنٹ آشفہ ریاض فتیانہ ،ڈپٹی کمشنر عمر جاوید کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس

59

ٹوبہ ٹیک سنگھ، 14 فروری (اے پی پی ):صوبائی وزیر وومن ڈویلپمنٹ آشفہ ریاض فتیانہ اور ڈپٹی کمشنر عمر جاوید کی زیر صدارت  پیر کو یہاں ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا ہے ، اجلاس میں یوم ولادت سیدنا علی مرتضیٰ رضی اللہ  عقیدت واحترام سے منانے کے حوالے سے  امن کمیٹی سے مشاورت کی گی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے  صوبائی وزیر آشفہ ریاض کا کہنا تھا کہ ضلع بھر میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی مثالی فضاء تمام مکاتب فکر کے علماء کی بدولت ممکن ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جلوس ، مجالس اور محافل میں  ایک دوسرے کے جذبات کا خیال رکھا جائے۔

پارلیمانی سیکرٹری سعید احمد سعیدی نے کہا  کہ ضلع کے امن کو برقرار رکھنے پر تمام علماء کا کلیدی کردار ہے ۔

ڈی سی عمر جاوید نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے کہ وہ ضلع بھر میں امن و امان کو برقرار رکھا جائے  امن کی فضا کو برقرار رکھنے کیلئے تمام انتظامی اختیارات استعمال کیے جائیں گے۔ فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

 اجلاس میں مذہبی شخصیات نے یقین دلایا کہ وہ ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کو امن و آتشی کا گہوارہ بنانے کے لیے اپنا حسب سابق کلیدی کردار ادا کرتے رہیں گے۔

ممبران امن کمیٹی نے کہا کہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ سے امن و امان برقرار رکھنے میں بھرپور مشاورت جاری رکھی جائیگی۔

اجلاس میں اے ڈی سی جی محمد ابوبکر، اے سی کمالیہ زریاب کمبوہ سمیت تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام ،اکابرین،پارلیمانی سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سعید احمد سعیدی، مرکزی رہنما پی ٹی آئی چوہدری اشفاق، ڈی پی او نجیب الرحمان نے بھی شرکت کی۔