پاکستان اور جرمنی کے درمیان معاشی اور اقتصادی دیرینہ تعلقات ہیں ،جرمن سفیر برن ہارڈ شلیگ ہیگ

14

سیالکوٹ۔10فروری  (اے پی پی):پاکستان میں جرمنی کے سفیر  برن ہارڈ شلیگ  ہیگ نے کہا ہے کہ پاکستان اور جرمنی کےدرمیان   معاشی اور اقتصادی دیرینہ  تعلقات ہیں ،سیالکوٹ کا پاک جرمن  تجارت میں اہم کردار  ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نےسیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسڑی میں صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر صدر سیالکوٹ چیمبر میاں عمران ا کبر،سنیئر نائب صدر شیخ زوہیب رفیق سیٹھی ،نائب صدر قاسم ملک سمیت سیالکوٹ کے صنعتکاروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔جرمن سفیر برن ہارڈ شلیگ ہیگ نے  کہا کہ سیالکوٹ چیمبر کی جانب سےجاری  اپنی مدد آپ کے تحت ایئر پورٹ،ایئر لائن،ڈرائی پورٹ اور دیگر منصوبے قابل تعریف ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ  کا پاکستان کی  تجارت میں اہم کردار ہے۔سیالکوٹ کے صنعتکاروں اور کاری گروں کو   سلام پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ پاک جرمن تجارت کا کل حجم 3 بلین امریکی  ڈالر ہے ،گزشتہ  6 ماہ میں باہمی تجارت میں  15 فی صد اضافہ ہوا ہے جبکہ باہمی تجارت میں مزید اضافے کی گنجائش موجود ہے۔جرمنی میں کورونا وائرس کے باعث  کافی  تجارتی میلے  ملتوی  ہو گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دسمبر میں پیش آنے والا  سیالکوٹ واقعہ انفرادی فعل ہے اس کا صنعتکاروں سے کوئی تعلق نہیں ہے،صنعتکار اپنی صنعتوں میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیےمزید ٹھوس  اقدامات کریں۔انہوں نے کہا کہ سفارت خانے میں تعمیراتی کا م کی وجہ سے ویزہ  سیکشن عارضی طور پر بند ہے،ویزہ سیکشن کراچی منتقل کیا ہے۔جانتے ہیں کہ پنجاب  اور اسلام آباد  کے لوگوں کوکراچی جانے میں مشکلات پیش آتی ہیں۔انہوں نے  پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ  انہیں سیالکوٹ آنے پر خوشی ہوتی ہے۔قبل ازیں صدر سیالکوٹ چیمبر میاں عمران اکبر نےسپاس نامہ پیش کیا اور پاک جرمن تعلقات پر روشنی ڈالی۔