اسلام آباد۔2فروری (اے پی پی):پاکستان بیت المال نے فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی اور انسٹیٹوٹ آف کاسٹ اینڈ منیجمنٹ اکاؤنٹنٹ آف پاکستان نے زیرِ تعلیم مستحق اور ہونہار طلباء و طالبات کو تعلیمی وظائف کے اجراء کے لئے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے ہیں۔ مفاہمتی یادداشتوں پر منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال ملک ظہیر عباس کھوکھر نے دستخط کئے جبکہ فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کی جانب سے ڈاکٹر شعیب اختر اور آئی سی ایم اے کے ریجنل ڈائریکٹر عبدالحفیظ قاضی نے دستخط کئے۔ ان مفاہمتی یادداشتوں کے مطابق پاکستان بیت المال کی طرف سے فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہر سال 100پوسٹ گریجویٹ طالبات کو تعلیم مکمل کرنے معاونت کرے گا، اسی طرح آئی سی ایم اے کے 50مستحق طالب علموں کوہر سال تعلیمی وظائف بھی جاری کئے جائیں گے۔ دونوں تعلیمی ادارے پاکستان بیت المال کے ساتھ مل کر مختلف عالمی دن منانے اور بیماریوں سے بچاؤ کے حوالے سے آگہی مہم اور مختلف سماجی مسائل اجا گر کرنے کے لئے بھی متحرک رہیں گے۔ اسی طرح پاکستا ن بیت المال بھی یہاں زیر تعلیم طالب علموں کو انٹرن شپ سمیت عملی میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرے گا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال ملک ظہیر عباس کھوکھر نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کے وژن کی روشنی میں ہم آئند نسلوں پر زیاد سے زیادہ خرچ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ایسے ہونہا ر اور لائق طالب علموں کی سرپرستی کرنا اپنا فرض سمجھتے ہیں جنہیں تعلیم حاصل کرنے کا شوق ہے مگر مالی مشکلات ان کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی اور آئی سی ایم اے کے ڈائریکٹرز نے اس موثر تعاون پر پاکستان بیت المال کا شکریہ ادار کرتے ہوئے کہا کہ اس معاونت سے ناصرف طالب علموں کو اپنی تعلیم مکمل کرنے کا موقع ملے گا بلکہ ان کے والدین کو بھی خوشی ملے گی۔











