پاکستان میں 19 فیصد لوگ غربت کی سطح سے نیچے ہیں، انہیں ہنر مندبناکر اوپرلایا جا سکتا ہے؛سیدفخرامام

11

ملتان،21فروری  (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ سید فخر امام نے کہا ہے کہ نوجوان ہائی ٹیک میں مہارت کو بہتر بنائیں کیونکہ یہ ملک کو کم وقت میں بے مثال ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے بہت ضروری ہے، پاکستان میں  تقریباً 19 فیصد لوگ غربت کی سطح سے نیچے ہیں اور انہیں ہنر مند بنا کر اوپرلایا جا سکتا ہے۔ 18 سے 25 سال کی عمر کے نوجوان ہائی ٹیک کے ذریعے بڑی رقم کما رہے ہیں ، تیز رفتار ترقی کے لیے ہائی ٹیک تیزی سے ابھرتا ہوا کاروبار ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یومِ مادری زبان کے موقع پر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن ملتان کے زیرِ اہتمام مقامی کالج میں منعقدہ سیمینار ہماری زبان ہماری پہچان سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب میں کیا ۔انہوں نے  کہاکہ ترقی یافتہ ممالک میں نوجوانوں کی اچھی خاصی تعداد ہائی ٹیک کی بدولت اربوں ڈالر کے مالک بن گئے ہیں  مگر افسوس ہم اس میں بہت پیچھے ہیں دنیا سے ہم قدم ہوکر چلنے کیلئے نوجوان قومی اور علاقائی زبانوں کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی زبانوں پر بھی عبور حاصل کریں۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر سید فخر امام شاہ نے کہا کہ نوجوانوں کو بنیادی مہارتیں حاصل کرنی چاہئیں اور پھر اسے مزید بہتر کرنا چاہیے تاکہ عالمی سطح پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا جا سکے۔انہوں  نے کہا کہ ہمیں صرف معیاری تعلیم کے فروغ پر توجہ دینی ہوگی ۔انہوں  نے کہا کہ جن قوموں نے معیاری تعلیم پر توجہ مرکوز کی وہ تمام شعبوں میں نمایاں رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک ہنر مند معاشرے کو فروغ دے کر ہی تیزی سے ترقی کر سکتا ہے۔

 سید فخر امام شاہ نے کہا کہ گزشتہ سال پاکستان نے 8 ہزار ارب روپے کے اخراجات کے مقابلے میں 4700 ارب روپے کا ٹیکس اکٹھا کیا۔ اس کمی کو پورا کرنے کے لیے پاکستان کو مختلف مالیاتی اداروں کے پاس جانا پڑتا ہے۔پاکستان پر 137 ارب ڈالر کے بیرونی قرضے ہیں اندرونی قرضے اس کے علاوہ ہیں ہمیں خودار قوم بننا ہوگا۔ انہوں نے طلباءپر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی سطح پر اسٹریٹجک تعلقات کی نگرانی کرتے رہیں کیونکہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے بہت سی چیزوں کو سمجھنا بھی بہت ضروری ہے۔