پی سی بی کے زیرنگرانی وومنز ڈویژنل لیگ ملتان نے جیت لی

50

ملتان،21 فروری (اے پی پی ): پی سی بی کے زیرنگرانی اور سدرن پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن کے زیراہتمام کھیلی گئی وومنز ڈویژنل لیگ ملتان نے جیت لی۔ بہاولپور کی ٹیم رنر اپ رہی، چیمپئن ملتان ٹیم نے ٹرافی اور قومی پرچم تھام کر سٹیڈیم کا چکر لگایا، چیمپئن شپ میں ساہیوال اور ڈیرہ غازیخان کی ٹیموں نے بھی شرکت کی۔

 انٹرنیشنل کرکٹ میدان ملتان سٹیڈیم پر کھیلے گئے فائنل میچ  میں ملتان نے  پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 142 رنز بنائے، جوابی بیٹنگ میں بہاولپور کی ٹیم 92 رنز بنا سکی۔چیمپئن  ملتان ٹیم کی اوپنر علینہ مسعود کو 59رنز بنانے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

 علینہ خانیوال سے تعلق رکھنے والے سابق ٹیسٹ کرکٹر مسعود انور کی صاحبزادی ہیں انہوں نے اپنا بیسٹ ایوارڈ اپنے والدین کے ہمراہ وصول کیا۔

چیمپئن ملتان ٹیم سکھاں فیض کا کہنا تھا کہ لیگ رائونڈ میں ناقابل شکست رہنے کے باعث انہیں ملتان کے چیمپئن بننے کا پورا یقین تھا رنر آپ ٹیم بہاولپور کی کپتان صبا خورشید نے کہا کہ کیچز ڈراپ ہونے سے فائنل میچ بھی ہاتھ سے نکل گیا

اختتامی تقریب  میں قومی وومنز ٹیم کی چیف سلیکٹر اسماویہ اقبال  نے وومنز لیگ کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ نیا باصلاحیت ٹیلنٹ دیکھنے کو ملا ہے  سدرن پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر عبدالصبور نے بتایا کہ وومنزلیگ کے بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل سدرن پنجاب کی ٹیم بنائی جائے گی جو وومنز ڈے کے سلسلے میں  4مارچ کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں  سندھ وومنز ٹیم کے خلاف میچ کھیلے گی۔