پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار جنوبی پنجاب کے فنڈز اسی علاقے پر خرچ ہو رہے ہیں: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار

14

لاہور، فروری 2(اے پی پی): وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے سرکٹ ہاؤس ڈیرہ غازی خان میں ڈیرہ غازی خان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، ڈیرہ غازی خان بار ایسوسی ایشن، ٹریڈرز اور پی ٹی آئی کے وفود نے ملاقاتیں کیں

وزیر اعلی عثمان بزدار نے صنعت کاروں، تاجر برادری اوروکلاء برادری کے مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ہم نے عوام کی خدمت کا بیڑا اٹھایا ہے – پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے پہلی بار حقیقی معنوں میں کام ہو رہا ہے۔عثمان بزدار نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو مکمل انتظامی و مالی خود مختاری دے دی ہے۔

انھوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس کو محکموں کو چلانے کیلئے با اختیار بنا دیا گیا ہے۔ اب جنوبی پنجاب کے شہریوں کو کام کے لئے لاہور نہیں جانا پڑے گا-

عثمان بزدار نے کہا کہ صنعت کاروں، تاجروں اور وکلاء برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے – عوام کی خدمت میرا مشن ہے – انھوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار جنوبی پنجاب کے فنڈز اسی علاقے پر خرچ ہو رہے ہیں۔