پشاور، 22فروری(اے پی پی): پلانٹ فار پاکستان کے تحت خیبر پختونخوا میں شجرکاری مہم کا آغازکردیا گیا ہے۔ سیکرٹری جنگلات ماحولیات وجنگلی حیات ، خیبر پختونخوا محمد عابد مجید نے ڈاگ اسماعیل خیل میں زیتون کا پودا لگا کرمہم کا باقاعدہ طور پر افتتاح کر دیا ہے۔ پلانٹ فار پاکستان کے شجرکاری مہم کی افتتاحی تقریب میں چیف کنزویٹرفارسٹ اعجاز قادر، گلزاررحمان اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نوشہرہ آصف علی نےبھی شرکت کی ۔ پلانٹ فار پاکستان کے زیرانتظام ڈاگ اسماعیل خیل میں 12ہزار زیتون ،پائن چیڑ، پلائی ، کیکر اور بوٹل برش کے پودے لگائے گئے، جبکہ ڈاگ اسماعیل خیل میں موسم برسات میں بھی95 ہزار پودے لگائے جاچکے ہیں ۔ شجرکاری مہم میں ہائیرسکنڈری سکول ڈاگ اسماعیل خیل ،پشاور سٹی سکول نمبر1 کے طلبا ، شہید بے نظیر یونیورسٹی کے طالبات ،سکاوٹ اورمقامی لوگوں نے بڑھ چڑھ کرحصہ لیا۔ بلین ٹری سونامی پراجیکٹ کےتحت ڈاگ اسماعیل خیل کے 120ایکڑ رقبے پر 1 لاکھ 18 ہزار پودے لگائے گئے ہیں، جبکہ پراجیکٹ کے تحت موسم بہار کی شجرکاری مہم میں صوبہ بھر میں 173ملین پودے لگانے کا ہدف مقرر کیاگیا ہے۔











