چنیوٹ،28 فروری(اے پی پی ): ریسکیو 1122 کے زیر اہتمام قائداعظم ایجوکیشنل اکیڈمی میں فائر سیفٹی کے حوالے سے سینمار کا انعقاد کروایا گیا۔جس میں ڈپٹی کمشنر عاصم جاوید نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر عاصم جاوید نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں کچھ ایسے افسوسناک واقعات رونما ہوئے ہیں،جن سے ہمیں سبق سیکھ کر عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے،جس سے ہم دوسروں کی جان بچا سکتے ہیں،ایک انسان کی جان بچا کر پوری انسانیت کو زندگی کو دے سکتے ہیں۔
اس سلسلے میں اسکولوں میں مزید آگاہی سیمینار بھی منعقد کروائے جائیں گے۔انہوں نے انجمن تاجران سمیت دیگر کو بھی واضع کیا کی ایک ماہ تک فائر سیفٹی کے حوالے سے آلات بھی نسب کروائیں اور ٹریننگ بھی حاصل کریں،ایسا نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
دیگر مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ آگ کے حادثات سے بچاؤ بارے ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 طاہرہ خان نے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ شہر کے مختلف بازاروں میں فائر ہائیڈرینٹ بنانے سے آگ لگنے کی صورت میں کسی بڑے نقصان سے بچا جا سکتا ہے، اس سلسلے میں تاجران سے میٹنگز بھی کی گئی ہیں اور انکو فائر سیفٹی کی افادیت بارے آگاہی بھی فراہم کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ایسے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے جس سے دوسروں کی جان بچ سکے،یہ کار خیر کا کام ہے۔
بعد ازاں ایجوکیشنل اکیڈمی سے تحصیل چوک تک واک کا بھی اہتمام کیا گیا۔سیمینار میں ضلعی انتظامیہ کے افسران، انجمن تاجران ،وکلا، سی او ایجوکیشن، ریسکیو اہلکار، طلباء وطالبات ،میڈیا نمائندگان اور شہریوں نے شرکت کی۔











