ہرنائی،28 فروری(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ہرنائی سردار محمد رفیق ترین اور اسسٹنٹ کمشنر سردار عبد المجید جوگیزی نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کرمہم کا افتتاح کیا،انسداد پولیو مہم 4 مارچ تک جاری رہے گی،19600 سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔
ہرنائی پولیو مہم کے لئے 161ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جس میں 131موبائل ٹیم 09 ٹرانزٹ اور 21 فلکس سینٹر ٹیمیں شامل ہیں جبکہ 164سے زائد پولیس اور لیویز اہلکار سیکیورٹی کی ڈیوٹی پر مامورہیں۔
ڈپٹی کمشنر سردار محمد رفیق ترین کے مطابق ٹیمیں انسداد پولیو مہم کے دوران گھر گھر جا کر 5سال تک کے عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی کوشش ہے کہ کوئی بھی بچہ پولیو کے قطروں سے محروم نہ رہ سکے اور انکاری والدین کی تعداد کو کم کیا جاسکے تاہم مہم میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔ڈپٹی کمشنر ہرنائی نے تمام مکتبہ فکر کے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ پولیو ویکسین کے قطرے محفوظ ہیں اور ہر قسم کے نقصانات سے پاک ہیں والدین پانچ سال عمر تک کے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں اور ضلعی انتظامیہ اور پولیو ٹیموں کے ساتھ بھر پور تعاون کریں۔











