اسلام آباد،26مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد لانے والوں نے چوری چھپے رشوت کے پیسے استعمال کر کے لوگوں کو خریدنے کی کوشش کی، پاکستان کے عوام کل اس سازش کو مسترد کر دیں گے، انشاء اللہ کل پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا جس میں 10 لاکھ سے زائد لوگ عمران خان کو خراج تحسین پیش کریں گے جنہوں نے ملکی معیشت کو اپنے پائوں پر کھڑا کیا اور ملک کو ایک آزاد خارجہ پالیسی دی، جلسے کرنا تمام جماعتوں کا حق ہے، تمام چوروں کو چیلنج ہے کہ وہ اکٹھے ہو کر جلسہ کر کے دکھائیں تاکہ لوگ بھی جلسوں کا موازنہ کر سکیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو بنی گالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل اور پی ٹی آئی کے رہنما عامر کیانی بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ لاکھوں لوگوں کا سمندر اسلام آباد کی طرف گامزن ہے، گلگت بلتستان سے 20 کلو میٹر لمبی ریلی اسلام آباد پہنچ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے لوگ اس سے پہلے پاکستان کی سیاست میں اتنے متحرک نہیں تھے جتنے اب ہیں۔ خیبر پختونخوا، پنجاب، کراچی، بلوچستان سمیت پورا ملک تحریک انصاف کے رنگوں میں رنگا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ کل دس لاکھ سے زائد لوگ وزیراعظم عمران خان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد لانے والوں نے چوری چھپے رشوت کے پیسے استعمال کر کے لوگوں کو خریدنے کی کوشش کی، پاکستان کے عوام آج کے جلسے میں اس تمام عمل کو مسترد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کے بعد آج پاکستان کی خارجہ پالیسی عمران خان کی وجہ سے آزاد ہے، پاکستانی معیشت کا پہیہ چلنا شروع ہوا ہے، پاکستان کے عوام ملکی ترقی کے خلاف سازش کرنے والوں کی سازش ناکام بنائیں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ تمام راستے اور قافلے پریڈ لین اسلام آباد کی طرف ہیں، جلسے کے تمام انتظامات مکمل ہیں، میڈیا کو کوریج کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ آج سے ہی تمام ٹیلی ویژن اور اخبارات میں مقامی جلوسوں کی خبریں آنا شروع ہو گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام ڈسپلن قائم رکھیں، سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کی گائیڈز لائن پر عمل کیا جائے، کسی جگہ سڑک اور راستے بند نہ کئے جائیں، ایک پرامن احتجاج کے ذریعے ہم اپنے لیڈر اور وزیراعظم عمران خان کو خراج تحسین پیش کریں گے، انشاء اللہ یہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع ہوگا۔











