ملتان۔31مارچ (اے پی پی):جشن بہاراں 2022 ء کے سلسلہ میں ڈسڑکٹ ایڈمنسٹریشن اور سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ملتان کے زیر اہتمام پنجاب گرین اور پنجاب وائٹ کے مابین کھیلا گیا کبڈی میچ پنجاب وائٹ نے اپنے نام کر لیا۔سپورٹس کمپلیکس ملتان میں ہونے والے مقابلے کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر عامر کریم خان تھے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کواٹر رانا اخلاق احمد،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو طیب خان، اے سی صدر عامر افتخار اورڈویژنل سپورٹس آفیسر ملتان رانا ندیم انجم بھی انکے ہمراہ تھے۔اس موقع پر کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے عامر کریم خان نے کہا کہ کبڈی ہمارا ثقافتی کھیل ہے جس کا تعلق ہماری روح سے ہے۔جشن بہاراں کے موقع پر روائتی کھیلوں کا انعقاد احسن اقدام ہے۔ہمیں چاہیے کہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کو اپنی ثقافت سے روشناس کرائیں۔ انہوں نے جشن بہاراں کے موقع پر شاندار انتظامات پر ڈسڑکٹ ایڈمنسٹریشن اور سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کو مبارکباد دی۔آخر میںفاتح ٹیم کو پچاس ہزار کیش پرائز اور ٹرافی جبکہ رنر اپ کو تیس ہزار کیش پرائز اور ٹرافی دی گئی۔











