جنگلی حیات کے تحفظ کا عالمی دن، اوکاڑہ یونیورسٹی میں سیمینار اور آگہی ریلی کا اہتمام

29

رینالہ خورد،3مارچ (اےپی پی):اوکاڑہ یونیورسٹی میں جنگلی حیات کے تحفظ کے عالمی دن کے حوالے سے مختلف تقریبات منعقد ہوئیں جس میں شعبہ وائلڈ لائف اینڈ ایکولوجی اور شعبہ زووالوجی نے باہمی اشتراک سے ایک سیمینار اور آگہی ریلی کا اہتمام کیا۔

سیمینار کے مقررین نے پاکستان میں قدرتی ماحولیاتی نظام کے توازن کو برقرار رکھنے میں مرکزی کردار کے حامل جانوروں کے تحفظ اور افزائش نسل کے حوالے سے بات کی۔

اس سلسلے میں فیکلٹی آف لائف سائنسز کے چئیرمین پروفیسر ڈاکٹر محمد واجد نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد زکریا ذاکرکی خصوصی ہدایات پر اوکاڑہ یونیورسٹی میں ماحولیاتی نظام کے تحفظ کےلیے کیے جانے والے اقدامات کا ذکر کیا۔

پروفیسر واجد نے  بتایا کہ ان کی فیکلٹی اوکاڑہ اور اس کے گرد ونواح کے علاقوں میں پائے جانے والے جانوروں کی مختلف اقسام کے تحفظ اور ان کی افزائش نسل کےلیے تحقیقی مراکز قائم کر رہی ہے۔ انہوں نے پنجاب میں خطرے سے دوچار مقامی بھیڑیے کے تحفظ کی اہمیت پہ بھی زور دیا۔

  شعبہ وائلڈ لائف اینڈ ایکولوجی کے سربراہ ڈاکٹر مدثر حسن عباسی نے طلباء کےلیے تحقیق کی جدید سہولیات کی فراہمی پہ اوکاڑہ یونیورسٹی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے جانوروں کے تحفظ کے حوالے سے بائیوٹیکنالوجی کے کردار کو بھی واضع کیا۔

 انہوں نے مزید بتایا کہ وہ اپنے شعبے کے زیر سایہ ماحولیاتی نظام میں کلیدی اہمیت کے حامل جانوروں کی افزائش نسل کےلیے ایک سنٹرقائم کر نے جا رہے ہیں.