خواتین زندگی کے ہر شعبہ میں آگے، اگلی دہائی خواتین کی ہے:حسان خاور

23

منگل، 8 مارچ ( اے پی پی ) :معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب حسان خاور نے وویمن ڈے کے حوالے سے منعقدہ مختلف تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کا عالمی دن درحقیقت مرد حضرات کیلئے ہے۔ آج کا دن مردوں کیلئے تجدید عہد کا دن ہے کہ انہیں خواتین کو معاشرے میں جگہ دینی ہے اور اپنے رویوں پر کام کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین ہر شعبے میں آگے بڑھ رہی ہیں اور ترقی کر رہی ہیں۔ حسان خاور نے کہا کہ اگلی دہائی خواتین کی ہے۔ خواتین کے بیک وقت پیشہ ورانہ و سماجی اور گھریلو فرائض سرانجام دینے کی بنیاد پر کہا جا سکتا ہے کہ ان کا دن روزانہ کی بنیاد پر منایا جانا چاہئے۔ حسان خاور نے سول سروس اور دیگر شعبوں میں کام کرنے والی خواتین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سول سروس ایک مشکل کام ہے۔ سول سروس میں افسران کو دن رات مسائل کے ازالے کے لئے کوشاں رہنا اور مشکل فیصلے کرنے ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سول سروس میں میڈیا مینجمنٹ ہائی پریشر جاب ہوتی ہے۔ جو خاتون سول سروس میں احسن طریقے سے فرائض سر انجام دے سکتی ہے وہ خاتون دنیا کا ہر کام کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ باہر نکلنے والی خواتین کو بے شمار مسائل اور رویوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ مگر یہ حقیقت ہے کہ مجموعی طور پر مردوں کے مقابلے خواتین دوگنا کام کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین میں ترقی کا تناسب تیز ہے۔ خواتین کی ترقی سے ہی پاکستان کی ترقی ہے۔ اس موقع پر حسان خاور نے تقاریب میں خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا۔ حسان خاور نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت خواتین کی معاشی و سماجی ترقی کیلئے اہم اقدامات بروئے کار لا رہی ہے۔ خواتین کے حقوق کی حفاظت کیلئے حق وراثت کا قانون لاگو کرنا بھی حکومت کا اہم اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی و صوبائی محتسب برائے خواتین عورتوں کی شکایات کے ازالے کیلئے کوشاں ہے۔ خواتین کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کے خلاف سخت اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو خود مختار بنانے کیلئے پنجاب حکومت سرگرم عمل ہے۔ حسان خاور نے کہا کہ خواتین کی ترقی ہی مضبوط معاشرے کی پہچان ہے۔ اسی ضمن میں حکومت خواتین کو زندگی کے ہر شعبہ میں نمائندگی دینے پر توجہ دے رہی ہے۔ ڈے کئیر سنٹر، ورکنگ وویمن ہاسٹل سمیت دیگر اقدامات حکومت کی خواتین کیلئے کی جانے والی کاوشوں کا ثبوت ہیں۔