ملتان،08مارچ(اے پی پی):شہر اولیاء میں سجیں گے میلے،پھیلے گی خوشبو، بکھریں گے رنگ،ہر عمر، ہر پیشے سے وابستہ افراد کیلئے ڈویژنل انتظامیہ کی عملی کاوش کی ہے۔ضلعی انتظامیہ شہر اولیاء کے باسیوں کو تفریح فراہم کرنے کیلئے کمربستہ ہوگئے ہیں فلاور شو،رسہ کشی، نیزہ بازی، میراتھن، ہارس کیٹل شوکیساتھ لگے گا اور رستم پاکستان دنگل بھی کرایا جائے گا۔
کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد کی زیر صدارت میلوں کے انتظامات بارے جائزہ اجلاس ہوا، کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد کو ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے بریفنگ دی اور کہا پیغام پاکستان، کپاس، گندم کی پیداوار بڑھانے کیلئے خصوصی سیمینار ہونگے اور کہا میلہ میں بچوں کیلئے پلے لینڈ، کٹھ پتلی شو، میجک شو کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔
عامر کریم خاں نے کہا میراتھن ریس، خواتین کے مقابلے بھی میلے کی زینت بنیں گے اور کہا دیسی اور ولائتی کھانے،قوالی نائٹ، میوزیکل اینڈ کلچر نائٹ بھی میلوں کا حصہ ہونگے اور انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی، نجی چینل کسانوں کیلئے خصوصی میلہ سجائے گا، جنوبی پنجاب کے پارلیمنٹیرنز، وزراء، میلوں میں خصوصی شرکت کریں گے،ضلعی انتظامیہ کورونا وبا کے گھٹن زدہ ماحول کے اثرات زائل کرنے کیلئے شاندار تفریح کا موقع فراہم کر رہی ہے۔
اجلاس میں متعلقہ افسران و نجی سیکٹر کے افراد نے شرکت کی۔











