میرپورخاص، 02 مارچ (اے پی پی ): سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ نے سندھ حقوق مارچ کے جلسے سے خطاب میں کہا ہے کہ ملک بھر میں صحت کارڈ ہے کیونکہ وہاں پی پی نہیں ہے، سندھ کے لوگوں کو ہیلتھ کارڈ کی فراہمی میں پیپلز پارٹی رکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے پیٹرول،بجلی کی قیمتوں میں کمی کی۔ وزیراعظم اگر پیٹرول کم کرسکتے ہیں تو سندھ میں آٹا کی قیمتوں میں کمی کیوں نہیں ہوتی، اب اس مافیا سے چھٹکارے کا وقت ہے۔
حلیم عادل شیخ نے کہاکہ پی پی نے 15 سالوں میں سندھ کے عوام کو کیا دیا، سندھ کے اسکولوں میں ٹییچر ہیں ، کتابیں نہیں ہیں ، ہسپتال ہیں تو دوائیاں ، ڈاکٹر نہیں ۔انہوں نے کہا کہ اب سندھ کے ہر شہر میں بلا چلے گا،سندھ سے تیر کو توڑیں گے۔ میرپور خاص ، تھرپارکر ، عمرکوٹ اور پورے سندھ میں صرف کپتان کا بلا چلے گا۔











