سکھر؛روہڑی ریلوے اسٹیشن پر گیس سلنڈر کی دکان میں دھماکا،تین افراد معمولی زخمی ،ریسیکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں

65

سکھر،16مارچ(اے پی پی):روہڑی ریلوے اسٹیشن کے علاقے میں واقع ایک ایل پی جی گیس سلنڈر کی دکان میں رکھے ہوئے کئی گیس سلنڈر یکے بعد دیگر دھماکے سے پھٹ گئے جس کے باعث دکان میں آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے قریبی دو دکانوں اورہوٹلوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا،دھماکوں کے باعث علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا جبکہ دھماکوں اور آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ گاڑیاں،ایدھی کی ایمبولینسز، ریلوے پولیس، ضلع پولیس اور رینجرز کی بھاری جمعیت جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور آگ بجھانے کا کام شروع کردیا اور کافی دیر تک مسلسل کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔آتشزدگی کے دوران جھلس کر تین افراد معمولی زخمی ہوگئے جن کو فوری طور پر روہڑی تعلقہ اسپتال لے جایا گیا واقعہ کی اطلاع پر شہریوں کی بڑی تعداد بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی گیس سلنڈر پھٹنے کے دھماکوں کی آواز بڑی دور تک سنی گئی تاہم آتشزدگی کے باعث دکانوں اور ہوٹلز میں رکھا ہوا ہزاروں روپے مالیت کا سامان راکھ کا ڈھیر بن گیا۔