عالمی طاقتوں کے سبب لاجسٹک راستوں پر پاکستان نے نقصان اٹھایا ؛ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

12

اسلام آباد،10 مارچ(اے پی پی ): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے   ماڈل لاجسٹکس کانفرس سے خطاب  کرتے ہوئے کہا کہ لاجسٹکس پر اچھی پالیسی دی جائے تو عوام راستہ خود تلاش کریں گے، عالمی طاقتوں کے سبب لاجسٹک راستوں پر پاکستان نے نقصان اٹھایا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں ”پہلی ملٹی موڈل لاجسٹکس” کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ صدر مملکت نے کہاکہ آج  پاکستان کی ترقی کے لئے بے شمار مواقع موجود ہیں، ہنر مند افرادی قوت کے ذریعے ہم ترقی کے مواقعوں سے بے پناہ فوائد حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں کاروبار کے نئے مواقع بڑھ رہے ہیں، ٹیکنالوجی جس تیز رفتاری سے ترقی کررہی ہے اس کی نسبت فیصلہ سازی کا عمل سست ہے۔

 صدر مملکت نے کہاکہ وسط ایشیا کے ممالک گوادر بندرگاہ کے ذریعے اپنے سامان کی ترسیل چاہتے ہیں، مختلف وسط ایشیائی ملکوں کی یہ خواہش ہے کہ ان کی مصنوعات برآمد کے لئے گوادر پہنچے تاکہ اسے بیرون ملک بھیجا جاسکے، اس مقصد کے لئے گوادر میں ویئر ہائوسز قائم کئے گئے ہیں ، پاکستان بھی اپنی ایشیاء کی برآمدات بڑھانا چاہتا ہے، ہم نے حال ہی میں ازبکستان اور ترکی کو ایشیا کی ترسیل کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت ملکی معیشت کو بہتر بنانے کے لئے موثر اقدامات کر رہی ہے، حکومت نے ٹیکسٹائل کی صنعت کو بحال کیا ہے جس سے 9 سو ارب روپے جبکہ زرعی صنعت سے وابستہ لوگوں کو 11سو ارب کا اضافی فائدہ ہوا ہے۔

 ڈاکٹر عارف علوی  نے کہا کہ پاکستان کا آئی ٹی کا شعبہ اہم کردار ادا کر رہا ہے، گزشتہ سال فیس بک (میٹا) نے 5 ہزار خواتین کو تربیت دی اور وہ اس کے نتیجے میں اپنا کاروبار کامیابی سے چلا رہی ہے، اس سال ایک لاکھ خواتین کو تربیت یافتہ بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ صدر نے کہاکہ دنیا میں بے انتہا ترقی ہو رہی ہے، نئے آئیڈیاز پرانے آئیڈیاز سے آگے نکل رہے ہیں جس کے نتیجے میں مواقع بڑھ رہے ہیں، پاکستان اگر ان مواقع کو جلد پہچانے گا تو اس سے ملک کو فائدہ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور زراعت کے شعبوں میں آگے بڑھنے کے وسیع امکانات موجود ہیں، ملک کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

 صدر مملکت نے اس بات پر زور دیا کہ عورتوں کو تعلیم اور صحت کی فراہمی کے ساتھ ساتھ معاشی طور پر مضبوط بنایا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ سپلائی چین لاجسٹکس کے شعبہ میں دنیا میں تیزی سے ترقی ہو رہی ہے، ٹیکنالوجی کے شعبہ میں ہونے والی ترقی کے ساتھ سپلائی چین میں جدت لائی جاسکتی ہے ۔ انہوں  نے کہاکہ ہمیں دنیا میں ہونے والی ترقی سے خود کو ہم آہنگ کرنا ہے۔