کوئٹہ، 17 مارچ (اے پی پی ): وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت اور متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے اور اس ذمہ داری سے عہدہ برا ہونے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ نے امن و امان کی صورتحال کے اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مشیر داخلہ میر ضیاء لانگو، چیف سیکریٹری مطہر نیاز رانا، پولیس، ایف سی اور انٹیلجنس اداروں کے حکام اجلاس میں شریک تھے۔اجلاس میں امن امان کی مجموعی صورتحال اور دہشت گردی کے درپیش چیلنج سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ سیکیورٹی اداروں کے حکام کی جانب سے اجلاس کو سیکیورٹی کی صورتحال اور حفاظتی اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ ہماری فورسز دہشت گردی سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں اور حال ہی میں سیکیورٹی اداروں نے نو شکی پنجگور اور تربت میں دہشت گردوں کے حملے ناکام بنائے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ سیکیورٹی ادارے چوکس اور مستعد رہتے ہوئے موجودہ صورتحال سے موثر طور پر نمٹنے کیلئے تیار رہیں، ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹیوں کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کئے جائیں، متعلقہ ادارے معلومات کے تبادلے کے نظام کو موثر بنائیں۔ انہوں نے تعلیمی اداروں کی بندش کے فیصلے پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوۓ فوری طور تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی کی ہدایت بھی کی اور کہا کہ آئندہ کوئی بھی سیکیورٹی الرٹ جاری کرنے سے پہلے تمام پہلوؤں کا جائیزہ لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو اعتماد لیکر فیصلہ کیا جائے تاکہ کسی قسم کا ابہام پیدا نہ ہو جس سے عوام احساس عدم تحفظ کا شکار ہو جائیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران سیکیورٹی انتظامات کو مزید موثر بنایا جاۓ۔ اجلاس کے دوران کوئٹہ اور گوادر سمیت دیگر اضلاع میں سیکیورٹی پلان کی ازسر نو تشکیل سمیت دیگر اہم فیصلے کرتے ہوۓ ان پر فوری عملدرآمد کے آغاز کی ہدایت کی گئی۔











