چنیوٹ،26 مارچ (اے پی پی ): ڈائریکٹر فاسٹ نیشنل یونیورسٹی، چنیوٹ فیصل آباد کیمپس، ڈاکٹر شہزاد سرفراز نے اولمپیاڈ کا باضابطہ افتتاح کر دیا ہے جہاں یونیورسٹی کی مختلف سوسائٹیز نے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا۔ کل پاکستان تقریری مقابلہ کا انعقاد بول ، فاسٹ ڈیبیٹنگ سوسائٹی نے کیا۔ سخن سوسائٹی نے مشاعرہ منعقد کروایا جس میں شاہین عباس، عمیر نجمی، مژدم خان، فریحہ نقوی، عمار اقبال اور دیگر نوجوان شعراء نے اپنا کلام پیش کیا۔ تھیم ڈنر میں کیک کاٹنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
ریکٹر فاسٹ نیشنل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر آفتاب احمد معروف نے سٹوڈنٹ فیسیلیٹیشن سنٹر کا افتتاح کیا۔ دن کے اختتام پر فاسٹ چنیوٹ فیصل آباد کیمپس کی سوشل ٹیم کی جانب سے قوالی نائٹ کا اہتمام کیا گیا۔
دائرہ 2022 کے دوسرے دن، ڈراموکریٹس سوسائٹی نے ایک تقریب کا اہتمام کیا جس میں تھیٹر، ڈانس، اور اسٹینڈ اپ کامیڈی شامل تھے۔ سرمد آفتاب جدران تھیٹر ایکٹ کے جج کے طور پر نظر آئے۔ عالمی شہرت یافتہ کامیڈین محمد بابر صدیق عرف ببو رانا تقریب کے مہمان خصوصی کے ساتھ ساتھ کے پرفارمر بھی تھے۔ فاتحین اور رنرز اپ کو انعامات دئیے گئے۔
اسپورٹس سوسائٹی کے منعقد کردہ فٹ بال مقابلے میں محمد شریف المعروف بگا انٹرنیشنل فٹبالر سابق پاکستان نیوی فٹبال ٹیم اور عبدالحق المعروف مٹھو انٹرنیشنل فٹبالر، پاکستان نیوی فٹبال ٹیم کے کپتان اور فٹ بال کوچ، نے ریفری کے فرائض سرانجام کیے۔ رانا احسن ساؤتھ ایشین گیمز چیمپیئن اور انیلہ گلزار ریکارڈ ہولڈر پاکستان اور انٹرنیشنل ایتھلیٹ کو تقریب کے مہمانانِ خصوصی کے طور پر مدعو کیا گیا۔











