پشاور، 16 مارچ (اے پی پی): محکمہ ایکسائز پشاور نے سال 2022 کی سب سے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ، منشیات کی بڑی کھیپ پکڑلی۔
ترجمان ایکسائز کیمطابق ایکسائز آفس کے سید نوید جمال AETO ضلع کوہاٹ اور نارکوٹکس کنٹرول ونگ سپیشل سکواڈ نے ایک خفیہ اطلاع پر ٹرک نمبری K 9615 پر مشترکہ کاروائی کی اور ٹرک کے فرش میں بنائے گئے خفیہ خانوں سے 266 کلو گرام چرس برآمد کرکے ٹرک کو تحویل میں لے لیا۔
ترجمان ایکسائز نے بتایا کہ یہ کاروائی کوہاٹ روڈ پر کی گئی، منشیات براستہ کوہاٹ روڈ پشاور اور بعد میں پنجاب سمگلنگ کی کوشش کی جارہی تھی، ملزمان نے منشیات سے بھرا ٹرک سڑک کنارے پارک کیا تھا، اور پہلے سے ہی فرار ہوچکے تھے۔ ملزمان کی تلاش جاری ہے ، تاہم مزید تفتیش کیلئے تھانہ ایکسائز پشاور ریجن میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔











