ملتان، 17 مارچ (اے پی پی ):صوبائی وزیر خوراک حامد یار ہراج کی ہدایت پر پنجاب فوڈ اتھارٹی نے خصوصی آپریشن کیا، جس دوران ملتان ڈویژن میں بیکریوں سمیت 171 فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کی گئی اور حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر متعدد فوڈ یونٹس کو 1 لاکھ 97 ہزار کےجرمانے عائد کئے گئے ہیں اور 35 کلو مس برانڈڈ پیکنگ مٹیریل، 15 لٹر ایکسپائرڈ کولڈ ڈرنکس، 10 کلو کھلے ملاوٹی مصالحہ جات تلف کردیے گئے ہیں۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی رفاقت علی نسوآنہ نے کہا کہ پاپڑ کی تیاری میں ناقص آئل کے استعمال پر سنیکس یونٹ کو 25 ہزار روپے جرمانہ کردیا گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ 2 کریانہ سٹورز کو کھلے مصالحے اور ممنوعہ چائنہ سالٹ بیچنے پر 10، 10 ہزار کے جرمانے کردیے گئے ہیں ۔خانیوال میں کھلے اجزاء، آلودہ پانی کے استعمال پر بیکری کو 15 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا ہے۔
ڈی جی پی ایف اے نے کہا کہ وہاڑی میں زائدالمعیاد، غیر معیاری مشروبات کی فروخت پر بیکری کو 15 ہزار روپے جرمانہ کردیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ خوراک سے وابستہ ہر چھوٹا بڑا کاروبار پنجاب فوڈ اتھارٹی کی پکڑ میں ہے ،خوراک میں غیر معیاری اجزاء کا استعمال قانونی طور پر جرم ہے۔











