پشاور، 17 مارچ ، (اے پی پی): ڈائریکٹوریٹ آف آرکیالوجی کے زیر اہتمام ملیشیاء ، انڈونیشیا اور چین سے تعلق رکھنے والے بدھ مت راہبوں نے پشاور عجائب گھر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر آرکیالوجی ڈاکٹر عبدالصمد نے عجائب گھر پشاور میں موجود تاریخی بدھ مت دور کی نوادرات، سٹوپہ، سکے، ان کی زندگی اور رہن سہن سمیت تمام تاریخ پر تفصیلی بریفنگ دی۔
راہبوں کے دس رکنی وفد نے عجائب گھر پشاور میں موجود ثقافتی ورثہ اور اس کی حفاظت کیلئے کئے جانے والے اقدامات کو سراہا۔ ڈاکٹر عبدالصمد نے کہا کہ ڈائریکٹوریٹ آف آرکیالوجی صوبے خیبرپختونخوا میں آثار قدیمہ کے ان تاریخی مقامات کو دنیا میں فروغ دینے اور اسے بطور مذہبی سیاحت کا مرکز بنانا چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے طول وعرض میں بدھ مت کے آثار پھیلے ہوئے ہیں، بدھ مت کا شمار دنیا کے بڑے مذاہب میں ہوتا ہے، بدھ کے کے 98 فیصد پیروکار ایشیاء سے وابستہ ہیں۔
اس موقع پر وفد نے پشاور عجائب گھر میں موجود بدھ مت کی مقدس تاریخی نوادرات کی زیارت بھی کی۔











