فیصل آباد،21مارچ (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے صدر و و فاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ مولانا، زرداری اور شریفوں نے جس طرح ہارس ٹریڈنگ کرکے ارکان اسمبلی کے ضمیر خریدے اس نے جمہوری اقدار کا جنازہ نکال دیا جبکہ اس سراسر غیر جمہوری، غیر آئینی، غیر اخلاقی، غیر انسانی اقدام نے عوام کا پارہ ہائی کر د یا ہے اور وہ شدید غصے کا شکار ہیں کیونکہ انہوں نے عمران خان کے نام پر پی ٹی آئی کے ٹکٹ اور بلے کے انتخابی نشان پر ووٹ دیا مگر اب ان کے مینڈیٹ کی توہین کی جارہی ہے لیکن عوام اپنے غصے اور شدت جذبات پر قابو رکھیں اور 27 مارچ کو ٹھاٹھیں مارتے ہوئے سمندر کی طرح اسلام آباد پہنچ کر عمران خان کی قیادت پر اپنا غیر متزلزل اعتماد کا اظہار کریں تاکہ منحرف و باغی ارکان اپناضمیر فروشی کا فیصلہ واپس لینے پر مجبور ہو جائیں۔
وہ پیر کو سر کٹ ہاؤس فیصل آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے جبکہ اس موقع پر پی ٹی آئی پنجاب کے سیکر ٹری جنرل و صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں سرفراز، سیکر ٹری اطلاعات پی ٹی آئی مسرت جمشید چیمہ، ممبران قومی اسمبلی فیصل آباد فیض اللہ کموکا، رضا نصر اللہ گھمن، شیخ خرم شہزاد، ممبران صوبائی اسمبلی چوہدری لطیف نذر، فردوس رائے اور پی ٹی آئی کے دیگر اہم عہدیداران بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ جگہ جگہ عوام کے احتجاج نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ پی ٹی آئی کے ساتھ تھے، ہیں اور رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح کروڑوں روپے خرچ کرکے عوامی نمائندوں کا ضمیر خریدنے کی کوشش کی گئی ہے اسی طرح ان لوگوں نے پہلے بھی ضمیر فروشیاں کیں اور پھر اقتدار میں آکر قوم کا خزانہ لوٹا اور بیرون ممالک اپنے اثاثے بنائے۔
و فاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ اب بھی شریفوں اور زرداریوں کی جائیدادیں اور بینک اکاؤنٹس ملک سے باہر ہیں لیکن جب ان سے اس رقم کے بارے میں دریافت کیا جاتا ہے تو وہ جمہوریت کے خلاف سازشیں شروع کرکے منڈیاں سجا کر خریدو فروخت کا عمل شروع کر دیتے ہیں لیکن افسوسناک امر یہ بھی ہے کہ تمام ادارے او رعوام یہ تماشہ دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ارکان اسمبلی کی خرید و فروخت، ان کی وفاداریاں تبدیل کر وانا اور انہیں منحرف و باغی بنانا قابل مذمت فعل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب باتیں جمہوری اخلاقیات کی روح کے منافی ہیں اس لیے کسی کو بھی ضمیر فروشی زیب نہیں دیتی۔ انہوں نے کہا کہ اس کھیل میں بہت سے باضمیر لوگوں نے مخالفین کے رابطوں اور لالچ کے باوجود ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا۔
شفقت محمود نے کہا کہ عمران خان نے بڑے پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے سب منحرف ارکان کو واپس آنے پر معاف کرنے کا اعلان بھی کر دیا ہے اور ارکان اسمبلی نے عوام کا ردعمل بھی ملاحظہ کر لیا ہے اسلئے انہیں چاہیے کہ وہ عزت سے واپس آجائیں اور ہمارے دروازے کھولنے کی قدر کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایسا نہ ہوا تو لوگ ان کا سیاسی ہی نہیں بلکہ سماجی بائیکاٹ بھی کریں گے اسلئے بہتر ہے کہ وہ اپنی سیاست اور اپنی معاشرتی زندگی کو برباد نہ کریں اور سوچ بچار سے کام لیتے ہوئے واپس اپنی پارٹی میں لوٹ آئیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو عدم اعتماد سے کوئی خوف نہیں جبکہ مذکورہ تحریک عدم اعتماد نہ صرف ناکام ہوگی بلکہ اپنے آپ کو بچانے کیلئے اکھٹے ہونے والے چوروں، لٹیروں کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا۔
و فاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ حکومتی اقدامات کے باعث انڈسٹری ترقی کر رہی ہے اور ملکی بر آمدات میں اضافہ ہورہا ہے نیز عوامی خوشحالی کے خلاف اقدامات کرنے والوں کے گرد گھیرا تنگ ہو رہا ہے اور شریف و ز ر داری خاندان کا یوم حساب قریب آچکا ہے لہٰذا یہ ان کی آخری کوشش ہے لیکن اس کے باوجود پاکستان کی معیشت بہتری اور جمہوریت مضبوط اخلاقیات کی طرف گامزن رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کے حوالے سے معاملہ سپریم کورٹ میں ہے اسلئے اگر کسی کو کچھ تحفظات ہیں تو وہ عدالت سے رجوع کر سکتا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے اس امر کی تردید کی کہ چوہدری براداران نے ان کے ساتھ کھڑے نہ ہونے کا اعلان کیا ہے بلکہ ان کا کہنا تھا کہ چوہدری براداران کی طرف سے ایسا کچھ نہیں کہا گیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں خانہ جنگی کی فضا نہیں چاہتے کیونکہ ہم نے بڑی مشکل سے ملک کو درست سمت کی طرف گامزن کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے 27 مارچ کو جلسے کا اعلان کیا تو پی ڈی ایم نے لانگ مارچ کا ڈرامہ رچا لیا لیکن ہم پھر بھی قانون کی پاسداری کو یقینی بنائیں گے اور کسی کو امن عامہ میں خلل نہیں ڈالنے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جو بک گئے ان کیلئے واپسی کی آفر نہیں لیکن ناراض ارکان کی ناراضگی دور کرنے کیلئے تمام ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد سمیت ڈویژن بھر میں مثالی ترقیاتی کام ہورہے ہیں، سول ہسپتال میں جدید آئی سی یو بنایا جارہا ہے، فیصل آباد میں آئی ٹی یونیورسٹی بن رہی ہے جبکہ ٹوبہ اور جھنگ میں بھی یونیورسٹیاں بنائی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی خدمت کا تسلسل آئندہ بھی جاری رکھے گی۔
سورس:وی این ایس،اسلام آباد