اٹک،24 مارچ ( اے پی پی ): وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے خلاف سازش عالمی فورم پر ہو رہی ہے اور وہ دنیا کی آنکھوں میں اس لئے کھٹک رہے ہیں کہ انہوں نے پوری امت مسلمہ کو اکھٹا کیا ہے،وزیر اعظم پاکستان کے مفاد کے خلاف کسی ملک کی بات نہیں سنتے، آج تمام ضمیر فروشوں کا ٹولہ ڈاکوؤں کے گروہ کے ساتھ مل گیا ہے جو کہ عمران خان کی حکومت گرانے کی ناکام کوشش کررہے ہیں لیکن عمران خان حق پر ہیں اور انہوں نے وہ فیصلہ کیا ہے جو چھانگا مانگا اور ضمیر فروشی کی سیاست کو دفن کر دے گا، 27مارچ کو عوام نے امر بالمعروف اور حق کے ساتھ کھڑا ہونا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو حضرو میں پی ٹی آئی رہنما محمد علی خان کی طرف سے منعقدہ ڈھکی روڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما محمد خالد خان نے بھی خطاب کیا۔معاون خصوصی ملک امین اسلم نے کہا کہ اس وقت قومی سیاست دو راہے پر کھڑی ہے ، ایک طرف حق سچ کا راستہ ہے اور دوسری طرف جھوٹ فریب کا لیکن اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے ایک ماہ کے اندر ہی جھوٹ سچ کا فرق واضح ہو گیا ہے اور جو لوگ اپنے ضمیر کی منڈ ی لگا کر بیٹھے تھے انہیں پوری قوم کے سامنے اللہ تعالیٰ نے بے نقاب کر دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ کس طرح ہو سکتا ہے کہ کوئی عمران خان کے نام پر ایم این اے بنے لیکن عمران خان کو ووٹ ڈالتے وقت وہ کسی اور طرف چلا جائے ۔
ملک امین اسلم نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان چاہتے تو قومی خزانے میں پڑی عوامی دولت سے ڈبل قیمت میں وفاداریاں خرید لیتے اور ان کیلئے یہ کام مشکل نہیں تھا لیکن وزیر اعظم نے سمت بدل دی ہے اور غریب عوام کے پیسے کو ذاتی مفاد کیلئے استعمال نہ کرنے کی قسم کھا رکھی ہے۔انہوں نے کہا کہ اٹک حق سچ کے ساتھ اور عمران خان کے ساتھ اور ضمیر فروشوں کے خلاف ہے ، عوام عمران خان کے خلاف ہر سازش ناکام بنائیں گے اور آئندہ پانچ سالوں کیلئے بھی انہیں منتخب کریں گے ،عمران خان پوری امت مسلمہ کو اکھٹا کررہے ہیں، انہوں نے اقوام متحدہ میں اسلامو فوبیا کے خلاف دن منانے کیلئے اقوام متحدہ میں قرارداد رکھی اور 15مارچ کو اب ہر سال یہ دن منایا جائے گا۔
ملک امین اسلم نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت میں ضلع اٹک میں بیش بہا ترقیاتی کام ہو رہے ہیں ، ضلع اٹک کے عوام کے باقی ماندہ بجلی سوئی گیس کے منصوبے جلد مکمل ہونگے اور جہاں کہیں ترقیاتی کام کرنا مقصود ہوئے وہ کام بھی ہونگے۔











