ووٹ کو عزت دو” والے  بھی کہہ رہے ہیں کہ پانچ برس کیلئے قومی حکومت بنے ؛وزیر داخلہ شیخ رشید احمد

22

اسلام آباد،17مارچ  (اے پی پی):وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی اور لاجز کی سکیورٹی رینجرز اور ایف سی کے حوالے کی جا رہی ہے، ضمیر فروشوں کو کبھی عزت نہیں ملتی ،25 مارچ سے مطلع صاف ہونا شروع ہو جائیگا ، امید ہے اتحادی وزیر اعظم عمران خان کا ساتھ دینگے  ، “ووٹ کو عزت دو” والے  بھی کہہ رہے ہیں کہ پانچ برس کیلئے قومی حکومت بنے۔

 یہ بات انہوں نے جمعرات کویہاں نیشنل پولیس کانفرنس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ آئین کے تحت قومی حکومت کے قیام کی کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن صورتحال کو محاذ آرائی کی طرف نہ دھکیلے کیونکہ یہ پورے سیاسی نظام کے لئے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کامیاب ہوں گے اور ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کو شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ وزراء کو ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں کہ وہ حکومت کی تمام اتحادی جماعتوں سے مشاورت جاری رکھیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ اتحادی جماعتیں جب بھی فیصلہ کریں گی وہ وزیراعظم کے حق میں فیصلہ کریں گی۔انہوں نے کہا کہ او آئی سی کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کی وجہ سے 21 سے 24 مارچ کو اسلام آباد میں  تعطیل ہوگی۔ انہوں نے   کہا کہ اس بار یوم پاکستان پریڈ تاریخی ہوگی کیونکہ او آئی سی کے وزرائے خارجہ بھی اس تقریب میں شرکت کریں گے۔

 وزیر داخلہ نے کہا کہ انہوں نے تین ماہ قبل پیش گوئی کی تھی کہ اپوزیشن 23 مارچ کو دارالحکومت میں نہیں آئے گی بلکہ 25 مارچ کو آئے گی، 25 مارچ کے بعد آسمان صاف ہونا شروع ہو جائے گا۔انہوں  نے کہا کہ رینجرز اور ایف سی کے 2000 اہلکار 20 مارچ سے 2 اپریل تک وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ انہوں نے   کہا کہ پارلیمنٹ ہاؤس اور فیڈرل لاجز کی حفاظت ایف سی اور رینجرز کریں گے۔

 وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف 27 مارچ کو ڈی چوک پر تاریخی جلسہ کرے گی جبکہ اپوزیشن نے بھی 25 مارچ کو جلسہ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، امن و امان برقرار رکھنا وزارت داخلہ کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں ووٹ کاسٹ کرنے والے ایم این ایز کو مکمل سکیورٹی فراہم کی جائے گی، ایم این ایز کو اپنے ضمیر کے مطابق اور عوام کی خواہشات کے مطابق تحریک عدم اعتماد پر ووٹ دینا چاہئے جنہوں نے انہیں منتخب کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اطلاعات ہیں کہ سندھ ہاؤس میں 12 افراد مقیم ہیں، سندھ ہاؤس میں قانون سازوں کی خرید و فروخت ایک الگ کیس ہے۔انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ وزیراعظم عمران خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں۔انہوں  نے کہا کہ پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دیں۔ پولیس فورس کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پولیس نے مختلف مشکلات کے باوجود اپنے فرائض پوری لگن کے ساتھ ادا کئے۔انہوں نے کہا کہ پولیس فورس کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیا جا رہا ہے۔